تعارف

عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین تمام مسلمانوں کی روح ہے۔کرب و بلا کی فضا میں نواسہ رسول اکرمﷺ اور جگر گوشہ بتول و علوی نے اپنے اعوان و انصار کی قربانیوں سے اسلام کی تمام قدروں کو لافانی اور جاودانی بنادیا۔اس کا ثبوت تذکرہ حسین اورعزاداری کے پس منظر میں حقیقی اسلام کی شکل میں آج بھی موجود ہے۔چودہ سو برس پہلے دی جانے والی ان مظلومانہ قربانیوں نے نہ صرف اس عہد کے ظلم اور ظالم کو فنا پر مجبور کیا بلکہ عزاداری ہر دور اور ہر زمانہ میں ظلم و ظالم کے خلاف اٹھائی جانے والی سب سے بڑی آواز تھی اور ہے۔ہمارے زمانے کا اسلامی انقلابتلوار پر خون کی اس فتح وکامرانی کا سب سے روشن نمونہ ہے ۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے 1405ھ کے محرم کے آغاز سے قبل عزائے سید الشہداء کے عرفانی ،فکری اور جذباتی پہلوؤں پر بصیرت آمیز روشنی ڈالی اور عزائے مظلوم کربلا کو سچ سمجھ کر باوقار طریقے سے منائے جانے پر زور دیا تاکہ اس کے لافانی پیغام سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے ۔