ایوگاڈرو کا قانون (انگریزی: Avogadro's law) (جسے بعض اوقات ایوگاڈرو کا مفروضہ یا ایوگاڈرو کا اصول بھی کہتے ہیں) گیس کے مادے کی مقدار اور اس کے حجم کی مقدار سے متعلق ایک تجرباتی گیس کا قانون ہے۔ گیس کا یہ قانون مثالی گیس (ideal gas) کے لیے مخصوص ہے۔

اس قانون کے مطابق

’’ایک ہی درجہ حرارت اور دباؤ پر تمام مثالی گیسوں کے یکساں حجم میں سالموں کی تعداد ایک جیسی ہو گی۔‘‘

کسی دی گئی مثالی گیس کے لیے اگر درجہ حرارت اور دباؤ مستقل ہو تو گیس کا حجم اس کے مادے کی مقدار کے راست متناسب ہو گا۔ اس قانون کا نام ایک اطالوی سائنس داد امیڈیو ایوگاڈرو (Amedeo Avogadro) کے نام پہ رکھا گیا ہے جس نے 1812 ,عیسوی میں یہ مفروضہ پیش کیا کہ ’’مساوی درجہ حرارت اور دباؤ پر مساوی حجم رکھنے والی دو مثالی گیسیں سالموں کی مساوی تعداد رکھتی ہیں۔‘‘ مثال کے طور پر مساوی درجہ حرارت اور دباؤ پر سالمی ہائیڈروجن اور نائٹروجن کے مساوی حجم، مساوی سالموں کی تعداد رکھتے ہیں۔ اور یہ مثالی گیسوں جیسا طرزِ عمل ظاہر کرتے ہیں۔