لوٹا (اصطلاح)
اصطلاح | term |
---|---|
لوٹا | turncoat |
لوٹا، پارلیمانی سیاست میں مجلس شورٰی کے ایسے رکن کو کہتے ہیں، جو کسی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد کسی وقت اپنی وفاداری تبدیل کر لے۔ یہ ایک تضحیک آمیز اصطلاح سمجھی جاتی ہے۔اس کی وجہ تسمیہ غالباً "لوٹ جانے" سے ہے۔ کچھ لوگوں کے نزدیک یہ مٹی کے برتن "لوٹا" سے تشبیہ ہے، اس برتن کا پیندا صحیح نہ بنا ہونے کے باعث یہ اکثر اِدھر اُدھر لڑھک جاتا ہے۔اکثر یہ اصطلاح غلط طور پر ایسے سیاست دان کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے، جس نے انتخاب سے پہلے اپنی پارٹی وفاداری بدلی ہو۔ مگر یہ استعمال غلط ہے۔ اصل کسوٹی یہ ہوتی ہے کہ سیاست دان نے جس پارٹی کے ٹکٹ پر عوامی منظوری (ووٹ) حاصل کی اور پارلیمنٹ کی عمر کے دوران پارٹی چھوڑ دی، یہ "لوٹا" کہلائے گا۔ اکثر سوال کیا جاتا ہے کہ اگر ایک رکن اپنے ضمیر کے مطابق کسی پارٹی سے گذر نہ کر سکے تو کیا طریقہ اختیار کرے؟ اس کا جواب اکثر یہ دیا جاتا ہے کہ پارٹی چھوڑنے کے ساتھ ہی رکن پارلیمنٹ سے مستعفی ہو اور ضمنی انتخابات میں کسی دوسری پارٹی کے ٹکٹ پر یا "آزاد امیدوار" کے طور پر، عوامی کٹہرے میں پیش ہو کر ان کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کرے۔