محاصرۂ مالٹا
محاصرۂ مالٹا، جسے عظیم محاصرۂ مالٹا بھی کہا جاتا ہے، 1565ء میں سلطنت عثمانیہ کی جانب سے جزیرہ مالٹا کا کیا جانے والا ایک محاصرہ تھا جو اس وقت نائٹس ہاسپٹلرز کے قبضے میں تھا۔ اس محاصرے میں مسیحی جزیرے کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے اور یوں یہ تاریخ کی خونی اور انتہائی ہیبت ناک جنگوں میں سے ایک بن گئی۔
یہ سولہویں صدی عیسوی میں یورپ کا سب سے زیادہ خوش کن لمحہ تھا۔ اس جنگ میں شکست نے یورپ کے سامنے عثمانیوں کے ناقابل شکست ہونے کے تصور کو ٹھیس پہنچائی اور اس طرح بحیرۂ روم میں ہسپانیہ کے غلبے کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ یہ جنگ بحیرۂ روم پر تسلط کے لیے مسیحی اتحاد اور سلطنت عثمانیہ کے درمیان تنازع کا عروج تھی۔