ملی نغمہ

 ملی نغمہ ایک مختصر اور جدید صنف شاعری ہے جس نے کئی طویل اور قدیم اصناف سخن جیسے رزم نامے، جنگ نامے، حماسہ، ایپک، رجز اور شہر آشوب وغیرہ کی جگہ لے لی ہے۔

ملی نغمہ پاکستان میں اردو زبان و ادب کی ایک موضوعاتی صنف سخن ہے جس کا تعلق خاص طور پر پاکستان اور ملت اسلامیہ سے ہے۔

ایسی شاعری جس میں قومی موضوعات پر بحث کی گئی ہو وہ قومی شاعری کہلاتی ہے لیکن جب قوم کسی خاص مذہب و ملت سے منسوب ہو تو اس کی قومی شاعری کو ملی شاعری کہا جاتا ہے۔ پاکستان کی ملت اسلامیہ کے ساتھ ہم آہنگی کی بدولت اس کی قومی شاعری بھی ملی شاعری کے زمرے میں آتی ہے اور جب اس شاعری کو آلات موسیقی کے ساتھ مخصوص دھنوں سے نغمگی پیدا کر کے گایا جاتا ہے تو وہ ملی نغمہ کہلاتا ہے۔ چونکہ تمام شاعری محسوسات کا غنائی اظہار ہے لہٰذا پاکستان میں ہونے والی تمام قومی و ملی شاعری کو "ملی نغمہ" کہا جاتا ہے۔ 

ملی نغمہ خالص پاکستانی صنف سخن ہے اور اس کا موضوع بھی پاکستان اور عالم اسلام ہے اس لیے اس کو گیت جیسی نسوانی اصناف میں شمار نہیں کیا جا سکتا۔ ملی نغمہ باقاعدہ ایک صنف سخن ہے اسے قومی و ملی شاعری جیسے القابات تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔