منہاج برنا کا اصل نام منہاج محمد خان تھا اور وہ یکم جولائی 1929ءکو قائم گنج (یوپی) میں پیدا ہوئے تھے۔ 1949ءمیں وہ ترک وطن کرکے پاکستان آ گئے۔ انھوں نے عملی صحافت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ امروز، پاکستان ٹائمز اور مسلم سے وابستہ رہے، آخری زمانے میں انھوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان میں بھی خدمات انجام دیں۔ منہاج برنا کئی صحافتی تنظیموں کے بھی فعال رکن رہے جن میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کا نام سرفہرست ہے۔ وہ آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن کے بانی صدر بھی تھے۔ 1978ءمیں انھوں نے جنرل ضیاءالحق کے خلاف صحافیوں کی مشہور تحریک کی قیادت بھی کی۔ اس سے قبل 1970ءمیں بھی انھوں نے اخبارات کی دس روزہ ملک گیر ہڑتال میں بھی صحافیوں کی قیادت کی تھی۔ منہاج برنا شاعر بھی تھے اور ان کا شعری مجموعہ مرثیہ چوتھے ستون کا نام سے شائع ہوا تھا۔ منہاج برنا مشہور سیاست دان معراج محمد خان اور فلمی نغمہ نگار دکھی پریم نگری کے حقیقی بھائی تھے۔ ان کا اانتقال 14 جنوری 2011ء کو راولپنڈی میں ہوااور وہیں فوجی قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔

حوالہ جات ترمیم