"نالا پاونی" پنجابی زبان کا لفظ ہے اور پورے پاک و ہند میں معمولی صوتی و حرفی ترامیم کے ساتھ عام مستعمل ہے۔ جہاں جہاں بھی پاجامہ یا شلوار پہنے جاتے ہیں وہاں نالا پاونی گھر اور گھر داری کا لازمی حصہ ہوتی ہے۔ یہ لکڑی یا پلاسٹک یا فولاد کی بنی ہوئی چھوٹی سی تقریبا چھ یا سات انچ لمبائی کی پتلی سی راڈ ہوتی ہے جس کے ایک سرے میں سوراخ کیا گیا ہوتا ہے۔ اس سوراخ میں ایک چھوٹی سی ڈور ڈال کر اس کے دونوں سروں کو گرہ لگا دی جاتی ہے۔ اور اس طرح ایک نالا پاونی تیار ہو جاتی ہے۔ اور اسے شلوار کے نیفے میں ازار بند یا نالا یا ناڑہ ڈالنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کام کے لیے نالے کے ایک سرے کو نالا پاونی کی ڈوری کے چھلے میں سے گزارا جاتا ہے ۔ اور پھر نالا پاونی کو جب نیفے میں ڈال کر آگے سرکاتے ہیں تو ساتھ ساتھ نالا بھی نیفے کے اندر آگے سے آگے چلتا جاتا ہے ۔ اور یوں نیفے کے دوسرے سرے سے جب نالا پاونی برآمد ہوتی ہے تو شلوار میں نالا ڈالنے کا عمل بھی تکمیل پا جاتا ہے۔