نرگسی شخصیت کا عارضہ یا مرض یا نارسیسسٹک پرسنیلٹی ڈس آرڈر(Narcissistic personality disorder)علم نفسیات میں ایک عام مرض ہے۔ نرگسی شخصیت کے مریض اپنے ذاتی خود ساختہ وقار اور اہمیت کے متعلق شاندار خیالات رکھتے ہیں، اپنی کامیابی اور طاقت کے گھمنڈ میں کھوئے رہتے ہیں اور مسلسل اپنی ستائش و تعریف کرانا چاہتے ہیں۔ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کیے بغیر دوسروں سے خاص ہمدردی چاہتے ہیں، اپنے مقاصد کے لیے دوسروں کا استحصال کرتے ہیں۔[1]نرگسی شخصیت کے حامل افراد مسلسل توجہ اور ستائش چاہتے ہیں اور یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ انھیں صرف اعلیٰ درجے کے لوگ ہی سمجھ سکتے ہیں۔ حسد اور غلط نظریات کی وجہ سے ان کے دوسرے لوگوں کے ساتھ تعلقات کبھی اچھے نہیں ہوتے۔[2]

نرگسی شخصیت کا مرض
تخصصطب نفسی

علامات

ترمیم

اس عارضے میں درج ذیل میں سے پانچ یا زائد علامات پائی جاتی ہیں: توقیر ذات کا زبردست احساس ہونا۔ اس میں فرد اپنی قابلیتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کرتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ دوسرے لوگ انھیں تسلیم کریں اور اسے برتر مانیں۔ مریض ہر وقت لا محدود کامیابیوں، اہلیتوں، قوت، خوبصورتی اور مثالی محبت میں کھویا رہتا ہے۔ وہ اپنے آپ کو خاص اور بے مثال سمجھتا ہے۔ وہ خاص اور بے مثال لوگوں سے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے کیونکہ اس کے نزدیک صرف یہی لوگ اسے سمجھ سکتے ہیں۔ وہ تعریف اور ستائش کا بھوکا ہوتا ہے۔ متکبرانہ اور خود پسند رویوں کا اظہار کرتا ہے۔ دوسروں کے احساسات اور ضروریات کو کوئی اہمیت نہیں دیتا۔ دوسروں سے حسد کرتے ہوئے یہ سمجھتا ہے کہ دوسرے لوگ اس سے حسد کرتے ہیں۔ اپنے آپ کو ہر چیز کا حقدار سمجھتے ہوئے دوسروں سے اپنے حق میں خاص ہمدردی کی توقع اور احکامات کی تعمیل چاہتا ہے۔ استحصال پسند ہونے کے باعث دوسروں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔[3]

حوالہ جات

ترمیم
  1. فلپ زمبارڈو (Philip Zimbardo)
  2. امریکن سائیکالوجی ایسوسی ایشن
  3. Diagnostic and Statistical Manual of Mental Disorders, 4th Edition, Text Revision (DSM-IV TR)