نرگس (اساطیر)
یونانی اساطیر میں، نرگس ایک شکاری تھا، جس کا تعلق تھیسپیا، بوتیہ سے تھا اور وہ اپنی خوب صورتی کے باعث مشہور تھا۔ وہ سمندر کے دیوتا کفیسوس اور دیوی لیریوپی کا بیٹا تھا۔ وہ مغرور تھا اور جو لوگ اس سے محبت کرتے تھے، انھیں حقیر سمجھا کرتا تھا۔ نمسیس نے یہ رویہ دیکھا تو نرگس کی توجہ تالاب کی طرف مبذول کروائی، جہاں اس نے پانی میں اپنا عکس دیکھا اور اسے اپنے ہی عکس سے محبت ہو گئی۔ اسے یہ اندازہ ہی نہیں ہو سکا کہ وہ پانی میں کسی اور کی تصویر نہیں، بلکہ اپنا ہی عکس دیکھ رہا ہے۔ اپنے خوبصورت عکس کی دیوانگی میں، وہ جینے کی خواہش چھوڑ بیٹھا اور اپنا عکس تکتا رہا یہاں تک کہ مرگیا۔ یہیں سے نرگسیت کی اصطلاح اخذ ہوئی، جس سے مراد ایسی حالت ہے جس میں کوئی شخص اپنی ہی ظاہری شخصیت کا گرویدہ ہوجاتا ہے۔