نو آئین ہندی (المعروف بہ قصہ ملک محمود و گیتی افروز) مہر چند کھتری مہر کی تحریر کردہ ایک کلاسیکی داستان ہے جو اصلاً فارسی زبان میں لکھی گئی تھی، مہر نے اسے اردو قالب میں ڈھالا۔ اردو کے ارتقائی سفر میں فورٹ ولیم کالج کی سرگرمیوں کو ایک اہم سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ ان سے قبل اردو نثر کے جو اسلوب رائج رہے ان میں پہلا اسلوب خاصا مرصع، پرتکلف اور فارسی زدہ تھا جبکہ دوسرا اسلوب ہندوستانی عوام کی سادہ روزمرہ زبان پر مشتمل ہے اور نو آئین ہندی اسی ابتدائی سادہ اسلوب کا دلکش مظہر ہے۔