وفاق الجامعات العربیہ پاکستان

وفاق الجامعات العربیہ پاکستان


اعلیٰ دینی و دنیاوی تعلیم کی فراہمی اسلامی بورڈز کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے کوئی بھی قوم جدید علوم کے حصول کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی اور نہ ہی صرف جدید علوم پر انحصار کرتے ہوئے اپنی مذہبی تعلیمات کو ترک کر کے ترقی کر سکتی ہے وفاق الجامعات العربیہ پاکستان پچھلے کئی سالوں سے ملک بھر میں درس نظامی کا مکمل کورس کروانے کے ساتھ ساتھ اپنے طلبہ وطالبات کو معاشرے کا کار آمد اور معاون شہری بنانے کے لیے اپنی خدمات پیش کر رہا ہے کیونکہ آج پوری دنیا میں جو بے حیائی فحاشی اور عریانی کا سیلاب پھیلا ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو ہر جگہ مختلف طریقوں سے رسوا کیاجا رہا ہے اس کی وجہ یہی ہے کہ علمائے کرام دین کی تعلیم تو حاصل کر لیتے ہیں لیکن اس کے بعد وہ اپنے آپ کو منبر و محراب تک محدود کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے پورا معاشرہ لا دینی کے دلدل میں پھنس چکا ہے ہمارے بورڈ کا اولین مقصد یہ ہے کہ ہم طلبہ کی اچھی ذہن سازی کر کے ان کو دنیا کے ہر شعبے میں لائیں تا کہ علمائے کرام معاشرے کے اندر آ کر معاشرے کی مکمل کردار سازی کا فریضہ سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ خود کفیل بن کر اپنا با عزت روزگار بھی کماسکیں اور دین کا کام فی سبیل اللہ کریں اور مسلمانوں کے اندر پائی جانے والی تمام رسومات اور رواجوں کا مکمل بائیکاٹ کر کے لوگوں کو قرآن و سنت کے طریقے پر چلانے کی کوشش کریں تا کہ ایک معتدل معاشرہ تشکیل پا سکے۔ ان ہی اغراض و مقاصد کے لیے وفاق الجامعات العربیہ پاکستان کا 2010ء میں آغاز ہوااور باقاعدہ کام شروع کر دیااور الحمد للہ اس وقت پاکستان میں دوسو سے زائد ایسے دینی مدارس ہیں جو ہمارے نصاب تعلیم کے تحت ہمارے ساتھ ملحق ہیں۔

نظام تعلیم

ادارہ ہذا میں درج ذیل نظام تعلیم و تدریس ہیں:-

1۔ باقاعدہ ملحق مدارس میں نظام تعلیم

2۔ غیر ملحق مدارس میں نظام تعلیم (پرائیویٹ طلبہ وطالبات کے لیے)۔

3۔ آ ن لائن نظام تعلیم

4۔ فاصلاتی نظام تعلیم

1۔ باقاعدہ ملحق مدارس میں نظام تعلیم

الحمد للہ اس وقت پاکستان میں دو سو سے زائد ایسے دینی مدارس ہیں جو ہمارے نصاب تعلیم کے تحت ہمارے ساتھ ملحق ہیں اور باقاعدہ ملحق مدارس کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

2۔ غیر ملحق مدارس میں نظام تعلیم (پرائیویٹ طلبہ وطالبات کے لیے)

غیر ملحق مدارس کے طلبہ و طالبات جو بحثیت پرائیویٹ امتحان میں شرکت کرنا چاہتے ہوں تو وفاق الجامعات العربیہ پاکستان کے درس نظامی کورسز میں سالانہ امتحانات میں شرکت کے لیے داخلہ بھجوا سکتے ہیں۔ بوقت داخلہ متعقلہ مدرسہ یا جامعہ کا تکمیل شدہ درجہ کاسر ٹیفکیٹ پیش کر نا لازمی ہو گا۔

3۔ آ ن لائن نظام تعلیم

وفاق الجامعات العربیہ پاکستان بیرون ممالک کے طلبہ وطالبات کے لیے آن لائن تعلیم کاآغاز کر رہا ہے تاکہ بیرون ممالک مقیم مسلمان دینی تعلیم کے خواہش مند اس طریقہ تعلیم سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

4۔ فاصلاتی نظام تعلیم

وفاق الجامعات العربیہ پاکستان عالم اسلام کا پہلا اسلامی اوپن بورڈ ہے جس کے تحت طلبہ وطالبات فاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعے گھر بیٹھے دینی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں اور تما م کتب کی سال میں مشقیں حل کر کے امتحانات میں بحثیت ریگولر طالب علم کے شریک ہو سکتے ہیں۔ بنیادی تعلیم سے اعلیٰ سطح کی تعلیم تک اسلامی معیاری اور سستی تعلیم کی فراہمی ملک بھر میں دو سوسے زائد اداروں پر مشتمل وسیع اور مستحکم نیٹ ورک اپنی خدمات سر انجام دینے کے لیے کوشا ں ہے۔

نصاب وکورسز وفاق الجامعۃ پاکستان

ہمار نصاب تعلیم انتہائی سادہ وعام فہم، جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق ہے جس میں تعلیم اور کردار سازی دونوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

کورسز بنین و بنات

(1) حفظ القرآن (2) تجوید للحفاظ و الحافظات (3) ثانیہ عامہ (4) ثانویہ خاصہ (5) شہادۃ العالیہ (6) شہادۃ العالمیہ

(7) تجویدللعلماء والعالمات (8) تخصص فی التفسیر ، فی الحدیث، فی الفقہ (9) دراسات دینیہ سال اول سال دوم

داخلے کی شرائط و اہلیت کا معیار

تمام پروگرام میں داخلے کے لیے پاکستان کے کسے بھی دینی جامعہ یا دینی بورڈ یا وفاق تنظیم سے ثانویہ عامہ ( مڈل)، ثانویہ خاصہ( میٹرک )،

شہادۃ العالیہ (ایف اے)، شہادۃ العالمیہ(بی۔اے) کے مساوی تعلیم کی سند یا رزلٹ کار ڈ کا ہونا ضروری ہے۔

وفاق الجامعات العربیہ پاکستان

کے سالانہ امتحانات ساتھ ساتھ قدیم فضلا ء و فاضلات کا امتحان ہو گا، جس کا باقاعدہ شیڈول یہ ہے

داخلہ یکم ربیع الاول سے شروع ہو ں گے۔ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15جمادی الثانی ہے۔داخلے کی آخری تاریخ کے بعد 15دن تک یعنی 30جماد ی الثانی تک ڈبل فیس کے ساتھ اور 30جماد ی الثانی سے 15رجب المرجب تک تین گنا فیس کے ساتھ داخلہ بھیجا جا سکتا ہے۔ 15رجب المرجب کے بعد کوئی داخلہ وصول نہیں کیا جائے گا۔ اُس کے بعد ذو الحجہ میں داخلہ شرو ع کیے جائیں گے۔

داخلہ فارم حاصل کرنے اور جمع کرانے کے لیے ہدایات

وفاق الجامعات العربیہ پاکستان کی جانب سے پیش کیے جانے والے تمام کورسز کے داخلہ فار م اور نصاب اور کتب کی معلومات اور اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے آپ وفاق الجامعات العربیہ کی ویب سائٹ وزٹ کرسکتے ہیں۔

WWW.Wifaquljamiaat.com