ونکلر، مینی ٹوبا
ونکلر کا چھوٹا سا شہر جس کی کل آبادی 9100 افراد ہے، کینیڈا کے صوبے مینی ٹوبا کے جنوبی حصے میں واقع ہے۔ پنمینا وادی کے سب سے بڑے شہر ہونے کی وجہ سے یہاں تجارت، زراعت اور صنعت عروج پر ہے۔ یہ شہر مینی ٹوبا میں ساتواں بڑا اور صوبے کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شہروں میں سے ایک ہے۔
جغرافیہ اور موسم
ترمیمدریائے سرخ یعنی ریڈ ریور وادی کے مغربی کنارے پر واقع ونکلر کا شہر صوبائی شاہراہ نمبر 14 اور 32 پر واقع ہے۔ یہ شہر ونی پگ سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب مغرب میں اور امریکی سرحد سے تقریباً 70 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ اس جگہ سرحد پر ہر وقت سرحد پار کی جا سکتی ہے۔ ونکلر قبل از تاریخ کی جھیل اگاسیز کے کناروں پر واقع ہے۔ جھیل کا ساحل آج سے کوئی 10000 سال قبل وجود میں آیا تھا۔ یہ جگہ ونکلر سے چند کلومیٹر مغرب میں ہے۔ ونکلر کی اوسط بلندی سطح سمندر سے 272 میٹر ہے۔ مغرب میں زرخیز زمین آبپاشی اور آلو، مکئی اور چنوں کی پیداوار کے لیے بہترین ہے۔ مشرق میں بہتر مٹی موجود ہے جو چقندر، کینولا، چنوں، مکئی اور چھوٹے غلوں کے لیے مناسب ہے۔ ونکلر کا موسم کانٹی نینٹل نوعیت کا ہے۔ یہاں سرد اور خشک سرما جبکہ گرم اور اکثر خشک گرمیاں ہوتی ہیں۔ گرمیوں میں درجہ حرارت 20 سے 30 ڈگری جبکہ سردیوں میں منفی 15 سے منفی 25 تک رہتا ہے۔ ونکلر میں مینی ٹوبا بھر میں سب سے زیادہ گرمیاں پڑتی ہیں۔ سالانہ بارش کی مقدار 416 مم جبکہ برفباری سے 119 اعشاریہ 7 سینٹی میٹر برف گرتی ہے۔ ونکلر میں اوسطاً 125 دن سالانہ درجہ حرارت صفر درجے سے اوپر رہتا ہے۔
معیشت
ترمیمونکلر کا علاقہ جنوبی مینی ٹوبا کا معاشی مرکز ہے۔ ریٹیل کا کاروبار تقریباً 17000 گھروں کو سنبھالتا ہے۔ 4380 افراد ونکلر میں کام کرتے ہیں۔ اس میں سے 30 فیصد افراد صنعتی شعبے سے وابستہ ہیں۔ شہر میں دوسرا بڑا آجر جو 20 فیصد آبادی کو روزگار مہیا کرتا ہے، تعلیم اور صحت کا شعبہ ہے۔ ونکلر میں حالیہ برسوں میں بہت ساری نئی صنعتیں لگی ہیں۔ ان میں رہائشی گاڑیاں، متحرک گھر، ہاؤس بوٹ، زرعی آلات، کھڑکیاں اور دروازے بنانے کی صنعتیں شامل ہیں۔ دو فاؤنڈریاں بھی یہاں کام کرتی ہیں۔ ونکلر کا زرعی شعبہ صوبے بھر میں سب سے زیادہ پیداواری اور وسیع ہے۔ ونکلر کے آس پاس کا علاقہ انتہائی زرخیز ہے جو آلو کی کاشت کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ تاہم دیگر فصلوں میں گندم، کینولا، مکئی اور چنے شامل ہیں۔ سور اور مویشی بھی پالے جاتے ہیں اور ڈیری فارموں پر پنیر بنتی ہے۔ شہر کے بسائے جانے کے وقت سے لے کر اب تک یہاں کاروبار ترقی پر ہے۔ آج بھی ہر سال 10 سے 20 نئے کاروبار یہاں شروع ہوتے ہیں۔ 2002 میں کل 55 نئے کاروبار شروع ہوئے تھے۔ اس کی وجہ کم شرح ٹیکس، جائداد کی معقول قیمت اور شہر اور کاروباری اداروں کے درمیان تعاون ہے۔ اس کی ایک مثال شہری حکومت کی جانب سے بنایا جانے والا انکیوبیٹر مال ہے جہاں پانچ دفاتر کی جگہ موجود ہے۔ یہ دفاتر نئے کاروباروں کو ابتدا میں معقول کرائے پر جگہ مہیا کرتے ہیں۔ جب یہ کاروبار پھیل جاتے ہیں تو ان کے دفاتر یہاں سے منتقل ہو جاتے ہیں اور ان کی جگہ نئے کاروبار لے لیتے ہیں۔
نقل و حمل
ترمیمونکلر میں دیگر شہروں سے رابطے کا اہم ذریعہ یہاں کی شاہراہیں ہیں۔ ونی پگ، امریکی سرحد اور دیگر شہروں کو ایک سے زیادہ سڑکیں جاتی ہیں۔ ونکلر کا ہوائی اڈا شہری صنعتی پارک میں موجود ہے۔ یہاں دو رن وے ہیں جن مین سے ایک پختہ جبکہ دوسرا گھاس کی پٹی پر مشتمل ہے۔ تاہم نئے اور بڑے جہازوں کے لیے شہر سے 9 کلومیٹر دور مورڈن کا ہوائی اڈا موجود ہے جہاں 1212 میٹر طویل دو پختہ رن وے موجود ہیں۔ شہر میں ایک ٹیکسی سروس بھی موجود ہے۔ گرے ہاؤنڈ بھی یہاں چلتی ہے۔ پرولیٹر اور ڈی ایچ ایل بھی یہاں موجود ہیں۔ کینیڈین پیسیفک ریلوے کی ایک شاخ یہاں کے صنعتی پارک کو جاتی ہے۔
آبادی
ترمیمونکلر میں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 2010 کی مردم شماری کے مطابق یہاں کی آبادی 9106 ہے۔ مینو نائٹ نامی مذہب یہاں اکثریتی مذہب ہے جو 54 فیصد سے زیادہ پیروکار رکھتا ہے۔ دیگر مذاہب میں مختلف مسیحی گروہ ہیں۔ اوسطاً گھریلو آمدنی 44227 ڈالر سالانہ ہے۔ تاہم اوسطاً مردوں کی عام نوکری سے 34326 ڈالر جبکہ خواتین کی اوسطاً عام نوکری سے ہونے والی تنخواہ سالانہ 23546 ڈالر بنتی ہے۔ شہر کی تقریباً 16 فیصد آبادی غیر ملک میں پیدا ہوئی ہے۔