ویکیپیڈیا:ضابطہ اخلاق برائے منتظمین
اردو ویکیپیڈیا میں 2004ء سے لے کر اب تک کوئی دو درجن افراد منتظم بنے جن میں اس وقت بھی 14 متحرک، نیم متحرک اور غیر متحرک منتظمین موجود ہیں، منتظم (بشمول مامور اداری) کا کام، اردو ویکیپیڈیا پرمتحرک صارفین اور متحرک منتظمین کی قلت کی وجہ سے خاصا مشکل ثابت ہوتا ہے۔ ایک ہی وقت میں اسے مختلف کام کرنے پڑتے ہیں، ہر منتظم کی سوچ، علم، ویکی اصولوں سے واقفیت اور ان پر عمل درآمد کا طریقہ کار مختلف ہو سکتا ہے اور ہوتا بھی ہے، جس کی وجہ سے بعض اوقات صارفین اور خود منتظمین کے درمیان معاملہ متنازع ہو جاتا ہے اور تبادلۂ خیال کے وقت تکلیف دہ اور نامناسب رویہ کی شکایت صارفین اور منتظمین، ہر دو جانب سے دیکھنے میں آتی ہے۔ ایسی صورت میں منتظم یا منتظمین کو کس طرح متنازع معاملہ کو لینا، سلجھانا اور ویکی اصولوں کی حد میں رہتے ہوئے، اسے کو حل کرنا چائیے؟
معاملات و اختلافات مختلف النوع ہو سکتے ہیں، املا اور تلفظ کے مسائل، اردو سازی اور اردو کلمہ نویسی کے مسائل، صفحات کی منتقلی، صفحات پر تنبیہی سانچے لگانے، ضم کرنے اور حذف کرنے کے مسائل، حوالہ جات اور تصاویر کے استعمال کے مسائل دانستہ یا غیر دانستہ ایک سے زائد کھاتوں کا استعمال وغیرہ اب تک انہی چیزوں پر صارفین اور منتظمین کے درمیان اور خود منتظمین کے درمیان بھی ایسے ہی مسائل سامنے آئے، جن پربعض دفعہ معاملات الزامات اور غیر مناسب انداز گفتگو کی نذر ہوئے، اور کچھ لوگ ویکی پیڈیا چھوڑ گئے (ضروری نہیں کہ وہ ہی ٹھیک تھے اور یہ بھی ضروری نہیں کہ وہ ہی غلط تھے)۔
یہاں پر موجود ضوابط کسی صارف یا منتطم کے نزدیک، قابل تبدیل، قابل اصلاح یاقابل تنقید ہو سکتے ہیں۔ لیکن ان کا مقصد منتظمین کو ایک مستقل اخلاقی ضابطہ کا پابند کرنا ہے، اس صفحہ پر موجود تمام مواد منتظمین اور متحرک صارفین کی آراء پر مشتمل ہے، بعد میں آنے والے صارفین اور منتظمین بھی اپنی رائے کا اظہار تبادلۂ خیال صفحہ پر کر سکتے ہیں، اس صفحہ پر ضوابط میں ترمیم کے لیے پہلے تبادلۂ خیال پر اظہار رائے اور باقی منتظمین کی تائید لازم سمجھی جائے گی۔
انتظامی اختیارات
اب تک کی بحث، اور عام ویکی اصول کو مد نظر رکھتے ہوئے۔ ان منتظمین کو جنہوں نے پچھلے 365 دنوں کے دوران کوئی ترمیم نہیں کی۔ ان کو معزول کیے جانے کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔ یہ کام ویکی اصول کے مطابق مامور اداری شروع کر سکتا ہے۔ لیکن اس سے پہلے متعلقہ منتظم سے رابطہ کی ممکنہ کوشش کی جائے۔ اگر جواب نہ ملے یا صارف خود واپس آنے یا بطور منتظم کام کرنے سے انکار کرے، تو معزولی کا عمل شروع کیا جائے۔ اگر منتظم نے اپنے آپ کو خفیہ رکھا ہو۔ (موبائل، ای میل، فیس بک یا دیگر ذرائع سے اس سے رابطہ نہ کیا جا سکتا ہو، تو ایسے صارف کو منتظمی سے معزولی کا عمل کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے۔ جو موجود منتظمین ہیں۔ ان سے بھی مامور اداری رابطہ کے ذرائع (ای میل، اور موبائل نمبر) کی تصدیق کرے تا کہ بوقت ضرورت ان سے رابطہ کیا جا سکے اور اگر کوئی صارف الگ سے کچھ کہنا چاہے تو اسے کہنے کا موقع مل سکے۔ نئے منتظمین کو نامزد کرتے وقت صرف تعداد ترامیم کو مد نظر نہ رکھا جائے۔ بلکہ صارف کی اردو میں مہارت، تبادلۂ خیال کرنے کی عادت، مرکزی نام فضا سے ہٹ کر دیگر نام فضاؤں میں کام کرنا، پابندی سے کچھ وقت اردو ویکی پر صرف کرنا وغیرہ جیسی باتوں کو مد نظر رکھا جائے۔