ویکیپیڈیا:مقاصد
یہ ایک صفحۂ معلومات ہے جو قوانین ویکیپیڈیا کے ذیل میں برادری کے اتفاق رائے کو ظاہر کرتا ہے۔ چونکہ بذات خود یہ کسی ہدایت یا حکمت عملی کا حصہ نہیں ہے، بلکہ یہ دیگر ویکیپیڈیا ہدایات اور حکمت عملی کا ضمیمہ ہے؛ اس لیے براہ کرم حالیہ صفحہ اور متعلقہ حکمت عملی صفحہ کے درمیان تضاد کی صورت میں اصل حکمت عملی صفحہ کو ترجیح دیں اور اسی کا حوالہ دیں۔ |
ویکیپیڈیا کا مقصد ایک ایسے دائرۃ المعارف کی ترتیب ہے جس میں قارئین کو علم و دانش کے تمام شعبوں کی جامع معلومات یکجا دستیاب ہوں۔ اسی مقصد کے تحت ویکیپیڈیا کے مضامین تحریر کیے جاتے ہیں اور ان میں اس امر کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے کہ مضمون کا اسلوب، مندرجات کا طرز پیشکش اور لب و لہجہ انتہائی معتدل اور ہر شخص کے لیے قابل قبول ہو، نیز مضامین میں درج معلومات قابل تصدیق ذرائع سے ماخوذ ہوں اور موضوع سے متعلق جملہ حقائق کو بلا کم و کاست بیان کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ موضوع سے متعلق حق و ناحق کا فیصلہ ویکیپیڈیا کے دائرہ اختیار سے خارج اور قارئین کے ذوق، ذہنی افق، علمی گہرائی اور صوابدید پر منحصر ہے۔ ویکیپیڈیا کے مضامین کسی شخص کی ذاتی رائے یا تاثرات کو بیان نہیں کرتے بلکہ متعلقہ موضوع کے تحت دستیاب تمام موافق و مخالف حقائق کا آئینہ ہوتے ہیں۔