ریل گاڑی
ریل گاڑی یا ٹرین ( انگريزی: Train ) ایک پٹری پر چلنے والی گاڑی کو کہا جاتا ہے جو ایک یا زیادہ ریلوے انجنوں اور بہت سارے ڈبوں پر مشتمل ہوتی ہے۔
نقل و حمل ( Transport ) کی اصطلاح میں ریل گاڑی یا ٹرین ایک ایسی گاڑی کو کہا جاتا ہے جو پٹری کے ذریعہ مسافروں یا اشیاء کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے استعمال ہو تی ہو۔ ٹرین انگريزی کا لفظ ہے لیکن اردو میں اس کے لیے عام طور پر ٹرین کا لفظ ہی استعمال کیا جاتا ہے اور بعض اوقات اس کو ریل گاڑی بھی کہا جاتا ہے۔
اکژ ٹرینوں میں انجن ٹرین کے اگلے حصہ میں لگا ہوتا ہے اور اپنے پیچھے لگی ہوئی ٹرین کو کھینچتا ہے۔ کچھ بہت تیز رفتار اور جدید ٹرینوں میں اگے اور پیچھے دونوں طرف انجن لگے ہوئے ہوتے ہیں، اگلا انجن ٹرین کو کھینچتا ہے اور جب کہ پچھلا انجن ٹرین کو دھکیلتا ہے۔ بعض مال بردار ٹرین جن پر بہت زیادہ وزن لادا ہوتا ہے دو سے زیادہ انجن بھی لگے ہوئے ہوتے ہیں۔
ملٹی پل یونٹ ٹرین (Multiple Unit Train) میں انجن نہیں ہوتا بلکہ ہر ڈبے میں ڈیزل یا بجلی کی موٹریں لگی ہوتی ہیں جو ٹرین کو چلاتی ہیں۔ ان ٹرینوں کے اگلے حصہ میں صرف ایک کیبن ہوتا ہے جہاں سے ڈرائیور ٹرین کنٹرول کرتا ہے۔
ٹرین کی بنیادی طور دو اقسام ہوتی ہیں
- مسافر ٹرین : یہ ٹرین مسافروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
- مال بردار ٹرین : یہ اشیاء کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے استعمال ہو تی ہے۔