ایک ادارہ جہاں عام عوام کو کم خرچ میں اعلی تعلیم کے مواقع مہیا کیے جاتے ہیں۔جو عموماً حکومت کی طرف سے ہوتے ہیں۔پبلک سیکٹر یونیورسٹی عام طور پر حکومت کے ہی اصولوں پر عوام کو تعلیم مہیا کرتی ہے۔ہر طرح کے سماجی اور سائنسی علوم کی اعلی سطحی تعلیم اور تحقیق قوم کو ہر شعبہ زندگی میں اعلی قیادت مہیا کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے۔ اعلی سطحی تعلیم و تدریس کے عمل میں جہاں کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ سیکھنے اور سمجھنے کی ضرورت کو پیش نظر رکھا جاتا ہے ، وہاں علوم کے میدان میں ہونے والی جدید تحقیق اورٹیکنالوجی سے بھی فائدہ اٹھایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں ہونے والی جدت اور ایجادات کے علاوہ ملکی صنعت و تجارت کے جدید تقاضوں کے پیش نظر نصاب ترتیب دیا جاتا ہے۔ دوسروں کی ایجادات و اختراعات میں مقامی اور قومی ضرورتوں کے مطابق ترمیم و اضافہ کرکے ان سے استفادہ کیا جاتا ہے۔ تعلیم کے نچلے مدارج میں اگر ایک شعبہ علم کی مبادیات اور اس کے مختلف تصورات سے آگہی حاصل کی جاتی ہے تو اعلی تعلیم کے دوران مختلف علوم و فنون کے تصورات اور عملی پہلوؤں کا کڑی نگاہ سے تنقیدی جائزہ لیا جاتا ہے ، تحقیق کے ذریعے انھیں پرکھا جاتا ہے اور نیا علم تخلیق کیا جاتا ہے۔