پیرسید معروف حسین شاہ
پیر سید معروف حسین شاہ نوشاہی شمالی انگلستان کے شہر بریڈفورڈ میں رہائش پزیر ہیں۔ ان کا نام برطانیہ کے دینی اور سماجی حلقوں میں ایک امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ کا آبائی قصبہ چکسواری ضلع میرپور آزاد کشمیر ہے۔ وہ 26 سال کی عمر میں، 26 اپریل 1961 کو برطانیہ آئے یہ وہ دور تھا جب پاکستانی اور ایشیائی برطانیہ تازہ تازہ آ رہے تھے۔ پیر سید معروف حسین شاہ نے ملوں میں مزدوری کے ساتھ ساتھ دینی تعلیمات بھی شروع کیں۔ انھوں نے 1963 میں جمعیت تبلیغ الاسلام نے نام سے ایک ادارہ بریڈفورڈ شہر میں قائم کیا۔ اب تک ان کی مساجد کی تعداد 17 ہو چکی ہے۔
اپنی برطانیہ آمد کا ذکر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ میں بریڈفورڈ میں جس گھر میں آیا وہاں 26 آدمی رہتے تھے اور تین افراد کے علاوہ سب شراب نوشی اور دوسری عیاشیوں میں مبتلا تھے۔ انھوں نے ابتدائی 18 سال تک اون کی مل میں کام کیا۔ دوران کام وہ نماز پابندی سے پڑھتے تھے، کبھی انگریز مالکان نے انھیں نماز کی ادائیگی سے نہیں روکا۔ پیر سید معروف حسین شاہ کے مطابق اب تک ان کے دس ہزار سے زائد مرید ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ حضرت علی کا قول ہے جس کے ساتھ نیکی کرو اس کے شر سے بچو، میں بھی اس قول کی سچائی نہیں بچ سکا۔