کالامی زبان
کالامی زبان کالام کوہستان یا سوات کوہستان اور دیر کوہستان میں بولی جانے والی زبان ہے۔ سوات اور آس پاس کے علاقوں میں اس کو کالامی زبان کے نام سے جانا پہچانا جاتا ہے۔ تاہم اس کے کئی ایک نام اور بھی ہیں جن میں ایتھنولاگ کے مطابق بشغارک، بشکارک، بسکارک، دیر کوہستانی، دیروالی، گاورو، گاروا، گاروی، گؤری، کالام کوہستانی، ، کوہستانا ، کوہستانی اور گاؤری نام شامل ہیں۔ ایتھنولاگ میں اس کو گاؤری [1]کے نام ہی سے درج کیا گیا ہے۔ باقی نام ضمناً درج کیے گئے ہیں۔ گاؤری زبان کے بولنے والوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب ہے۔ اس زبان کی ترویج و ترقی کے لیے فورم فار لینگویج انشیٹیوز پاکستان، اسلام آباد کے تعاون سے ایک پراجیکٹ "گاؤری کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروگرام" کے نام سے مصروفِ عمل ہے جس کا صدر دفتر کالام سوات میں ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت کالامی زبان کے لیے کی بورڈ وضع کیا گیا ہے۔ کمپیوٹر فونٹ ترتیب دیا گیا ہے اور حروف تہجی متعین کیے گئے ہیں۔ اس کے بعد پرائمری سطح پر حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے مادری زبان کو شامل نصاب کرنے کے بعد گاؤری قاعدہ اور کئی ایک مزید درسی کتابیں شائع کی گئی ہیں۔ اس پراجیکٹ کے ساتھ قلمی تعاون کے لیے محمد زمان ساگر، عبد العلی اور ایچ ایم کالامی کے علاوہ کئی ایک لوگ سرگرمِ عمل ہیں۔