کتے کی قبر

یہ علاقہ کھیر تھر کے پہاڑی سلسلے میں سندھ کے شہداد کوٹ اور بلوچستان کے خضدار ضلع کے درمیان واقعہ ہے، جو سطح سمندر سے 7500 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔

کتے کی قبر کے علاقے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہاں گیس کے ذخائر موجود ہیں، اس علاقے میں بلوچ قبائل کے ساتھ سندھی قبائل چُھٹا اور گھائنچا برادریاں بھی رہتی ہیں۔

کتے کی قبر کی کہانی ہے کیا؟

سندھ کے نامور ادیب مرزا قلیچ بیگ نے 1885 میں اس علاقے کا سفر کیا تھا۔ اپنے سفر نامے ’ڈھیاڑو جبل کے سیر‘ میں وہ کتے کی قبر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھتے ہیں ایک شخص سو روپے کا مقروض تھا اس نے اپنا کتا گروی رکھوایا جب اس کے پاس سو روپے ہو گئے تو وہ ادائیگی کے لیے روانہ ہوا لیکن راستے میں اس نے دیکھا کہ اس کا کتا آ رہا ہے وہ اس پر سخت ناراض ہوا۔ کتا لعن طعن سن کر وہیں مر گیا۔

کتے کا مالک قرض کی ادائیگی کے لیے جب پہنچا تو اسے بتایا گیا کہ کچھ چوروں نے اس کے گھر کو لوٹ لیا تھا اس کتے کی مدد سے وہ سامان برآمد ہوا اور یہ ملکیت سو روپے سے کہیں زیادہ تھی اس لیے انھوں نے کتے کو رہا کر دیا۔ مالک کو یہ سن کر دکھ پہنچا اور اس نے واپسی اسی جگہ پر کتے کی قبر تعمیر کرائی۔

نامور ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری کا کہنا ہے کہ یہ قبر قدیم دور میں تعمیر کی گئی ہے جس کو دیگر کلاسیکل قبروں کی طرح پتھروں سے بنایا گیا ہے، یہ قبر ایک پہاڑی پر واقع ہے جہاں تک رسائی آسانی سے ہو سکتی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ قبر کسی معتبر یا سردار کی ہے۔

ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری سندھ کے محکمہ آرکیالوجی کے سیکریٹری بھی رہے چکے ہیں اور اس علاقے میں کئی بار جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسی شہادتیں ملتی ہیں کہ اس قبر کو کھول کر دوبارہ بند کیا گیا ہے، اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ قدیم زمانے میں سرداروں اور معروف افراد کو ان کے قیمتی سامان کے ساتھ دفن کیا جاتا تھا اس لیے خزانے کی لالچ میں بعض علاقوں میں ان قبروں کو کھولا گیا ہے۔