کرہ ہوا میں رطوبت اور ریزش
کرہ ہوائی میں پانی کی موجودگی کو رطوبت کہتے ہیں۔ کرہ ہوائی میں آبی بخارات کی مقدار کہیں کم اور کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ سمندروں جھیلوں اور دریاؤں سے پانی عمل تبخیر سے بھاپ بن کر کرہ ہوائی میں شامل ہوتا رہتا ہے۔ اگر ہوا کا درجہ حرارت زیادہ ہو تو اسی تناسب سے ہوا میں اپنے اندر بخارات جذب کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے۔ اگر ہوا آبی بخارات سے بھر جائے تو ایک خاص درجہ حرارت پر ہوا میں عمل تکثیف شروع ہو جاتا ہے اور آبی بخارات بارش کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ اگر درجہ حرارت کم ہونا شروع ہو جائے تو ہوا میں آبی بخارات کو جذب کرنے کی صلاحیت بھی کم ہو جاتی ہے اور ایک خاص درجہ حرارت پر ہوا میں عمل تکثیف شروع ہو جاتا ہے اور ٹھنڈک سے آبی بخارات بادل٫بارش٫برف٫کہر٫اور شبنم وغیرہ کی شکل میں بدل جاتے ہیں۔