کلمت مکران کے ساحلی شہر پسنی سے 60 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چھوٹے چھوٹے دیہاتوں پر مشتمل ایک ساحلی علاقہ ہے جو مکران کوسٹل ہائی وے کے کنارے واقع ہے۔ ہر گاؤں کے لیے کچے اور پکے لنک روڈ بنائے گئے ہیں جو اس تاریخی علاقے کو کوسٹل ہائی وے سے ملاتے ہیں۔ ماضی میں یہ علاقہ ایک تجارتی گیٹ وے تھا جس کا تاریخ میں ذکر سولہویں صدی عیسوی کے حمل جہیند اور پرتگیزیوں کے درمیان جنگ میں ملتا ہے کہ جب پرتگیزی یہاں لوٹ مار کے لیے آئے تو ان کا مقابلہ علاقے کے نوجوان، بہادر اور نڈر لوگوں سے ہوا۔

جدید دور میں کلمت ’’سی فوڈ‘‘ کی پیداوار کے حوالے سے مشہور ہے۔ کلمت، مکران کے ان ساحلی علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کی آبادی کی اکثریت کا ذریعہ معاش سمندر سے وابستہ ہے۔ کلمت کئی چھوٹی چھوٹی ساحلی بستیوں پر مشتمل ہے اور ہر بستی میں مینگروو کے گھنے جنگلات موجود ہیں۔ علاوہ ازیں جھینگے اور سفید پاپلیٹ کی افزائش کے حوالے سے یہ بلوچستان کا سب سے اہم اور زرخیز ساحلی علاقہ بھی ہے۔

کلمت کے مختلف گاؤں کے مکینوں کے مطابق مینگروو کے درخت انھوں نے خود لگائے ہیں اور ان کی حفاظت بھی وہ خود کرتے ہیں۔ علاقے کے لوگ کم تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود مینگروو کے جنگلات کی اہمیت اور افادیت سے کسی ماہر حیاتیات کی طرح واقف ہیں۔