ہابٹ (انگریزی: hobbit) ایک ایسی فرضی مخلوق کا نام ہے جو دیکھنے میں تو انسان نُما ہوتے ہیں لیکن تقریباً ہر لحاظ سے ہی کوتاہ ہوتے ہیں- قد و قامت، وزن، اُمنگ، بلند نظری اور حوصلہ مندی؛ ان سب میں ہی یہ چھوٹے یا کمزور ہوتے ہیں۔

اِس مخلوق کی تخلیق اور اِن کا تعارف پہلی مرتبہ جے آر آر ٹولکین کی کتاب دی ہابٹ میں ہوا۔ اِس کہانی کا مرکزی کردار ایک بلبو بیگنز نامی ہابٹ تھا۔ کتاب کی مشہوری کے بعد ٹولکین نے اس ناول کے تسلسل میں مزید تین کتابوں پر مشتمل ایک سلسلہ لکھ ڈالا جس میں دیگر اور ہابٹوں کا بھی تعارف کرایا گیا۔ اِس سلسلے کا نام دی لارڈ آف دی رنگز تھا اور اِس کے مرکزی کرداروں میں فروڈو بیگنز، سیموائز گامجی، میریاڈوک برینڈیبک (میری) اور پیریگرین ٹوک (پیپن) نامی ہابٹ بھی شامل تھے۔

ٹولکین نے اپنی کتاب دی لارڈ آف دی رنگز کے دیباچے میں ہابٹ کو مڈل ارتھ کی خیالی دنیا میں رہنے والی نسلِ انسانی کی رشتدار نسل قرار دیا۔ کہیں تو ٹولکیں نے انھیں انسانوں کی ہی ایک ”قسم“ یا ”شاخ“ بھی کہہ ڈالا۔

تعمیر و تکميل

ترمیم

جب ٹولکین نے اپنے اِس کردار کو تشکیل دی تو اُن کا یہی ماننا تھا کہ اُن سے پہلے اسم ”ہابٹ“ کو کسی نے استعمال نہ کیا تھا۔ جبکہ اب یہ ظاہر ہو چلا ہے کہ ٹولکین کی اِس ایجاد سے قبل بھی یہ اسم کچھ قلیل ادبی کاموں کی زینت بن چکا تھا۔

شکل و صورت

ترمیم

دی لارڈ آف دی رنگز کے دیباچے میں ٹولکیں لکھتے ہیں کہ ہابٹ کا قد 2 سے 4 فٹ (0.61 سے 1.22 میٹر) کا ہوتا ہے، جبکہ اوسطاً یہ لمبائ میں 3 فٹ 6 انچ (1.07 میٹر) کے ہوتے ہیں۔ یہ شوخ رنگوں کے کپڑے پہنتے ہیں، خصوصاً پیلے اور ہرے رنگ کے لباس اِن کے پسندیدہ ملبوسات میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ عام طور پر لجیلا مزاج رکھتے ہیں لیکن وقت آنے پر اِن کی دلیری کا کوئی مثل بھی نہیں ہوتا۔