حضرت یحییٰ بن ابی زائدہؒ کا شمار تبع تابین میں ہوتا ہے۔

حضرت یحییٰ بن ابی زائدہؒ
معلومات شخصیت

نام ونسب

ترمیم

یحییٰ نام،ابو سعید کنیت اوروالد کا نام زکریا تھا،جتنے سلسلہ نسب کا علم ہوا ہے وہ یہ ہے۔ یحییٰ بن زکریا بن ابی زائدہ خالد بن میمون بن فیروز الہمدانی،اپنے دادا ابو زائدہ کی نسبت سے شہرت پائی،محمد بن المبشر الہمدانی سے تعلق ولاء رکھتے تھے۔

تعلیم و تربیت

ترمیم

شیخ یحییٰ کے والد زکریا بن ابی زائدہ خود بڑے پایہ کے محدث اورفقیہ تھے،اس لیے یحیی کو علمی خانوادہ میں پیدا ہونے کے باعث علم سے قدرتی وفطری مناسبت تھی،پھر ان کے والد کو بھی شروع ہی سے اپنے بیٹے کی تعلیم کا بڑا خیال تھا،عیسیٰ بن یونس بیان کرتے ہیں کہ "میں نے زکریا بن ابی زائدہ کو دیکھا ہے کہ وہ اپنے صغیر السن بچے کو مجاہد سعید کی خدمت میں لے کر حاضر ہوتے تھے اوران سے کہتے تھے"بیٹے ان حدیثوں کو یاد کرلو" مزید برآں یہ ہوا کہ یحییٰ کوفہ کے رہنے والے تھے جو اس زمانہ میں اسلامی علوم وفنون کا گہوارہ تھا،آپ نے ان قدرتی مواقع سے پورا فائدہ اُٹھایا۔ چنانچہ آپ نے حدیث کا سماع اپنے والد ماجد زکریا بن ابی زائدہ کے علاوہ ہشام بن عروہ،اسماعیل بن ابی خالد، سلیمان الاعمش،حجاج بن الارطاۃ،ابن غون اورعاصم الاحول جیسے اساطین علم وفن سے حاصل کیا اوراپنے ذوق وشوق اورشیوخ کے فیض التفات سے علم و فضل میں وہ بلند وممتاز مقام حاصل کیا کہ منتخب علما وقت میں شمار کیے جانے لگے۔

اساتذہ

ترمیم

اوپر جن اکابر شیوخ کا ذکر ہوا،ان کے علاوہ یحییٰ نے اوربھی بکثرت ائمہ سے کسب فیض کیا جن میں سے کچھ نام یہ ہیں: یحییٰ بن سعید الانصاری،عکرمہ بن عمار،ابومالک الاشجعی،ابن ابی غنیہ ،عبد الملک بن عبد الحمید،مسعر بن کدام وغیرہ۔

علم و فضل

ترمیم

یحییٰ کی جلالتِ علمی پر علمائے امت متفق الرائے ہیں، امام علی بن المدینی فرماتے ہیں کہ حضرت ابن عباس اپنے زمانہ میں علم کے منتہا تھے،ان کے بعد حضرت شعبیؒ اپنے عہد میں علم کے مرکز قرار پائے،پھر حضرت سفیان ثوری کا عہد آیا تو وہ امام وقت ہوئے،اسی طرح حضرت یحییٰ بن ابی زائدہ اپنے زمانہ میں علم کے منتہا تھے، ایک دوسرے قول میں وہ مزید فرماتے ہیں کہ امام ثوریؒ کے بعد حضرت یحییٰ سے بڑھ کر کوئی شخص معتبر فی الحدیث نہیں تھا، حضرت یحییٰ بن سعید القطان مشہور امام جرح و تعدیل ہیں،لیکن وہ بھی یحییٰ بن ابی زائدہ کی علمی جلالت و وجاہت کے اس درجہ معترف تھے کہ فرمایا کرتے تھے کہ کوفہ میں کوئی شخص ایسا نہیں ہے جس کی مخالفت میرے لیے یحییٰ بن ابی زائدہ کی مخالفت سے زیادہ صبر آزما اورشدید ہو۔

حدیث

ترمیم

ان کا خاص فن حدیث تھا جس میں وہ یکتائے عہد تھے،ابو خالد الاحمر بیان کرتے ہیں کہ "کان یحیی جید الاخذ للحدیث" یحییٰ کو حدیث کے انتخاب میں بڑی بصیرت حاصل تھی،ان میں ایک خاص کمال یہ تھا کہ وہ عموماً کتاب دیکھے بغیر اپنے حافظ سے روایت کرتے تھے،لیکن اس کے باوجود کیا مجال تھی کہ کہیں خطا ہوجائے، یحییٰ بن معین نقد وجرح میں نہایت متشدد تھے لیکن وہ صرف ایک حدیث میں یحییٰ بن ابی زائدہ کی غلطی کا دعویٰ کرسکے۔ فرماتے ہیں: کان یحیی بن زکریا کیساً ولا علمہ اخطأ الا فی حدیث واحد یحییٰ بن ابی زائدہ نہایت فہیم وعقیل تھے ایک حدیث کے علاوہ مجھے ان کی کسی غلطی کا علم نہیں۔ سفیان بن عیینہ کا قول ہے کہ عبد اللہ ابن مبارک اوریحییٰ بن ابی زائدہ دو ایسی شخصیتیں ہیں کہ ہم نے ان کا مثل نہیں دیکھا۔

مدارِ اسناد

ترمیم

یحییٰ اپنے زمانہ میں اسناد کے سب سے بڑے مدار تھے،علی بن المدینی بیان کرتے ہیں کہ اسناد کا دارومدار پہلے زمانہ میں چھ بزرگوں پر تھا،آپ نے ان کے اسمائے گرامی بھی شمار کرائے،پھر ان چھ ارباب علم و فضل کا علم ایسے مختلف اصحاب کی طرف منتقل ہو گیا جنھوں نے علم کی مختلف شاخوں میں کمال پیدا کیا،(علی بن المدینی نے اس موقع پر بھی ان بزرگوں کا نام لیا)پھر ان سب کا علم دو بزرگوں پر آکر ختم ہو گیا،ایک ابو سعید یحییٰ بن سعید جو بنو تمیم کے غلام تھے اورجنہوں نے صفر 198ھ میں وفات پائی اوردوسرے بزرگ یحییٰ بن زکریا بن ابی زائدہ ہیں،کیا عجیب اتفاق ہے جس طرح یہ دونوں بزرگ نام اورکنیت میں یکساں ہیں علم کی جامعیت ومرکزیت میں بھی ایک ہیں۔

ثقاہت

ترمیم

ثقاہت اورتثبت کے لحاظ سے بھی ان کا پایہ بہت بلند تھا،تمام ائمہ حدیث ان کی ثقاہت پر متفق ہیں،حضرت یحییٰ بن معین سے پوچھا گیا کہ آپ کو ابن سہر زیادہ محبوب ہیں،یا یحییٰ بن ابی زائدہ ،بولے دونوں ثقہ اورقابلِ قبول ہیں،امام نسائی اورعجلی بھی انھیں ثقہ قرار دیتے ہیں،ابن نمیر اتقان کے لحاظ سے ان کو امام شافعیؒ سے بھی فائق مانتے ہیں،ابو حاتم فرماتے ہیں وہ مستقیم الحدیث ثقہ اورصدوق ہیں،حافظ ابن حجر لکھتے ہیں کہ یحییٰ بن ابی زائدہ کا شمار کوفہ کے حفاظِ حدیث میں ہوتا ہے، وہ متقن ثبت ہیں،ابو حاتم فرماتے ہیں وہ مستقیم الحدیث ثقہ اورصدوق ہیں حافظ ابن حجر لکھتے ہیں کہ یحییٰ بن ابی زائدہ کا شمار کوفہ کے حفاظِ حدیث میں ہوتا ہے،وہ متقن ثبت اورصاحب سنت تھے۔[1]

حدیث کی طرح ان کو فقہ میں بھی کمال حاصل تھا؛چنانچہ ان کا شمار کوفہ کے فقہا ومحدثین میں ہوتا تھا، ایک مرتبہ حضرت عجلیؒ کے سامنے یحییٰ بن ابی زائدہ کا ذکر آگیا ،تو انھوں نے جواب دیا کہ یہ بھی ثقہ ہیں اوران کے والد زکریا بن ابی زائدہ بھی ثقہ تھے، اوردونوں ان اکابر امت میں سے ہیں جو حدیث اورفقہ دونوں کے جامع تھے حسن بن ثابت ایک مرتبہ یحییٰ سے ملاقات کرنے کے بعد لوٹے تو انھوں نے بیان کیا کہ میں کوفہ کے سب سے بڑے فقیہ (یحییٰ بن ابی زائدہ) کے پاس مہمان تھا۔

افتاء

ترمیم

فقہی کمال کے ساتھ وہ صاحبِ افتاء بھی تھے،ابن عماد حنبلی انھیں امام ابو حنیفہ کے اصحاب میں شمار کرتے ہیں۔

عہدۂ قضا اوروفات

ترمیم

کمال تفقہ اورتثبت فی العلم کی وجہ سے ان کو وفات سے چار ماہ پیشتر مدائن کی قضا کا عہدہ پیش کیا گیا جس کو انھوں نے منظور کر لیا،یہ زمانہ ہارون کی حکومت کا تھا،لیکن عمر نے وفا نہیں کی،اوراسی عہدۂ قضا پر مامور ہونے کی حالت میں بماہِ جمادی الاولیٰ 183ھ میں مدائن میں وفات پائی،صاحبِ شذرات نے 182ھ کے وفیات میں ذکر کیا ہے اس وقت عمر 63 سال کی تھی۔

تصنیفات

ترمیم

یحییٰ بن ابی زائدہ کو دیگر محدثین میں ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی حاصل تھی کہ وہ کوفہ کے سب سے پہلے امام ہیں جنھوں نے حدیث میں تصنیف کی،علامہ بغدادی ،علامہ سمعانی اورحافظ ابن حجر تینوں لکھتے ہیں کہ: وھو اول من صنف الکتب بالکوفۃ وہ پہلے شخص ہیں جنھوں کے کوفہ میں کتابیں تصنیف کیں۔ ان کا انداز تصنیف اتنا مقبول ہوا کہ ان کے بعد بعض اورائمہ نے بھی تصنیف کی طرف توجہ کی تو انھیں کے نقشِ قدم کو دلیلِ راہ بنانا پڑا؛چنانچہ منقول ہے کہ امام وکیع نے اپنی کتابوں میں یحییٰ بن ابی زائدہ کی یہی کتابوں کی پیروی کی۔ ان کی تصنیفات کی تعداد اوردیگر تفصیلات کے بارے میں اہلِ تذکرہ خاموش ہیں بن ندیم نے صرف ایک کتاب کتاب السنن کی تصریح کی ہے،اغلب ہے جس طرح اوربہت سے ائمہ کی تصنیفات گوشہ خمول میں گم ہیں ان کی بھی نادر الوجود ہیں۔ [2]

حوالہ جات

ترمیم
  1. تہذیب التہذیب
  2. سیرت الصحابہ جلد 9 صفحہ 338