کرننگ
ٹائپوگرافی یا خط سازی (font making) میں کرننگ یا وصل و فصل (انگریزی: kerning) سے مراد حروف (letters) کو ایک دوسرے سے موافق اور ہم آہنگ بنانے کی ہوتی ہے۔ چونکہ تاریخی طور پر گذشتہ زمانے میں خط سازی کا کام دھات کے سانچوں سے کیا جاتا تھا اس لیے اس وقت چونکہ اسی ہم آہنگی کے لیے دھات گھس کر یہ کام انجام دینا پڑتا تھا اس لیے بعض اوقات نقر (mortising) کی اصطلاح بھی استعمال کی جاتی ہے۔ ایک اچھے ٹائپ فیس (typeface) میں کرننگ کی خصوصیت لازم جانی جاتی ہے اور اگر اسے مہارت سے انجام دیا گیا ہو تو پھر اس خط سے لکھی گئی تحریر میں تمام حروف کے درمیان آنے والی زائد خلا (space) ان کی اپنی ساخت کے مطابق برابر اور یکساں نظر آتی ہے۔ انگریزی میں kerning کا لفظ corner کا قرابتدار (cognate) ہے اور کونے سے قرابت دار ہونے کی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ گذشتہ زمانوں میں دھات سے خط ڈھالے جاتے تھے اور اس وقت ان کے سانچوں میں حرف کے دونوں جانب ایک ایسا گوشہ یا کونا بنا دیا جاتا تھا جو ان کو صرف اسی مقام پر برابر والے حرف سے جوڑتا تھا جہاں اسی سے مماثل کونا بنا ہوتا تھا اور اس طرح ان حروف کے مابین مناسب کرننگ (kerning) برقرار رکھی جاتی تھی؛ جیسے V کے بعد اگر A ہو تو V کا دایاں بالائی حصہ کونا یا گوشہ رکھنے کی وجہ سے A کے بائیں بالائی مقام پر اسی جگہ یا خلا تک کرننگ کرے جہاں A پر بائیں جانب کونا یا گوشہ بنایا گیا ہو۔ بائیں جانب دی گئی تصویر میں اسی بات کا شکلی اظہار کیا گیا ہے جس میں A اور V کے کرننگ تعلق اور موافقت دیکھے جا سکتے ہیں، اس بات کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے کہ شکل میں مذکورہ بالا بیان کے بالعکس A کے بعد یا دائیں V دکھایا گیا ہے۔