امریکی خانہ جنگی (1861ء - 1865ء) ریاستہائے متحدہ امریکا کی ریاستوں کے مابین لڑی جانے والی ایک داخلی جنگ تھی۔ جنوب میں واقع گیارہ ریاستوں نے امریکا سے آزادی کا اعلان کر دیا اور شمالی ریاستوں کے خلاف مسلح جنگ لڑی۔ اس تنازع کی بنیادی وجہ امریکا کے افریقی نژاد باشندوں کی غلامی پر ان ریاستوں کا اختلاف رائے تھی۔ شمالی ریاستیں ان غلاموں کو آزاد کر دینا چاہتی تھیں اور غلامی کے خلاف قانون سازی کرکے اسے خلاف قانون قرار دینا چاہتی تھیں۔ جنوبی ریاستوں کی معیشت کا دارومدار کپاس کی کاشت پر تھا اور غلاموں کو اس کاشتکاری میں بھاری مشقت کے لیے استعمال کیا جاتا تھا اس لیے وہ غلامی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتی تھیں۔

یہ صنعتی دور کی اولین جنگوں میں سے ایک ہے جس میں ریل گاڑی، ٹیلیگراف، بھاپ سے چلنے والے بحری جہاز اور صنعتی بنیادوں پر تیار کردہ اسلحہ بڑے پیمانے پر استعمال کیے گئے۔ یہ جنگ امریکا کی تاریخ کی خونی ترین جنگ تھی جس میں لگ بھگ 6,20,000 امریکی سپاہیوں اور عوام کی ایک نامعلوم مگر بہت بڑی تعداد کو جان سے ہاتھ دھونا پڑے۔

جنگ میں شمالی ریاستوں کو ابراہام لنکن کی قیادت میں فتح حاصل ہوئی اور ریاستہائے متحدہ امریکا میں غلامی کا خاتمہ ہو گیا۔

حوالہ جات ترمیم