اورت بادل
اُورت بادل ایک خیالی دائرہ نما بادل ہے جو دمدار ستاروں پر مشتمل ہے۔ یہ بادل سورج سے تقریباً ایک نوری سال کے فاصلے پر ہے۔ اس طرح یہ بادل سورج سے نزدیک ترین ستارے کے فاصلے کے ایک چوتھائی فاصلے پر موجود ہے۔ اسی طرح کوئیپر کی پٹی اور بکھری تھالی نامی دو نظام اس بادل کے فاصلے کے ایک ہزارویں سے بھی کم فاصلے پر موجود ہیں۔ اس بادل کے باہر کا حصہ ہمارے نظام شمسی کی کشش کی بیرونی حد کا کام کرتا ہے۔
اُورت بادل کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، کرہ نما بیرونی اُورت بادل اور قرص نما اندرونی اُورت بادل، جسے ہل بادل بھی کہا جاتا ہے۔ اگرچہ اُورت بادل کا براہ راست کوئی بھی مشاہدہ نہیں ہوا ہے، مگر یہ سمجھا جاتا ہے کہ یہ ہیلی سمیت بہیت سارے دمدار ستاروں کا منبع ہے جو نظامِ شمسی میں داخل ہوتے ہیں اور اُن میں سے کچھ جسامت میں مشتری سے بھی بڑے ہوتے ہیں۔ بیرونی اُورت بادل نظامِ شمسی سے مضبوطی سے پابند نہیں ہوتے اِسی لیے پاس سے گزرنے والے ستاروں اور خود ہماری کہکشاں ملکی وے کی کششِ ثقل سے متاثر ہوتے ہیں۔
ویکی ذخائر پر اورت بادل سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |