اویس نیازی
اس مضمون میں کسی قابل تصدیق ماخذ کا حوالہ درج نہیں ہے۔ |
اس مضمون کی ویکائی کی ضرورت ہے تاکہ یہ ویکیپیڈیا کے اسلوب تحریر سے ہم آہنگ ہو سکے۔ براہ کرم اس مضمون کی ویکائی میں مدد کریں۔ |
اویس نیازی پاکستان کے معروف گلوکار اور فنکار ہیں ان کا تعلق موسیقی کے مشہور گھرانے سے ہے۔ اویس نیازی کے جد امجد شاہ دین خان مرحوم کا شمار برصغیر کے پکھاوجی گھرانہ کے نامور گلوکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ عظیم فنکار اور گلوکار طفیل نیازی مرحوم کے نواسے ہیں۔ وہ گذشتہ دس برسوں سے گلوکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
پیدائش اور بچپن
اویس نیازی 26 اپریل 1981ء کو اسلام آباد میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم بھی اسلام آباد سے ہی حاصل کی۔ انھوں نے موسیقی کی تعلیم اپنے نانا طفیل نیازی سے حاصل کی۔ طفیل نیازی مرحوم سے انتہائی قربت کے باعث انھوں نے موسیقی کے اسرار و رموز طفیل نیازی سے سیکھے۔ سنہ 1988ء میں پی ٹی وی کے پروگرام کسب کمال میں پہلی بار طفیل نیازی نے انھیں متعارف کروایا۔ اسکول اور کالج کے ایام میں انھوں نے ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور متعدد انعامات حاصل کیے۔
پیشہ ورانہ زندگی
طفیل نیازی کے انتقال کے بعد انھوں نے اپنے ماموں جاوید نیازی اور بابر نیازی کی باقاعدہ شاگردی اختیار کی جبکہ پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز کے سلسلے میں ان کے ماموں بادشاہ نیازی اور شہنشاہ نیازی نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اویس نیازی نے گلوکاری کے شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز سنہ 1997ء سے کیا۔ انھوں نے ریڈیو ‘ٹیلی ویژن اور سٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اویس نیازی ہمہ جہت فنکار ہیں انھوں نے کلاسیکی‘ نیم کلاسیکی ‘غزل اور گیت کے علاوہ مغربی موسیقی اور لوک موسیقی میں اپنے فن کے جوہر دکھائے اور وہ پاکستان کے مختلف شہروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ اویس نیازی اسلام آباد کے ایک تعلیمی ادارے سے وابستہ ہیں جہاں وہ طلبہ کو موسیقی کی تعلیم دیتے ہیں۔
تخلیقات
اویس نیازی اپنی موسیقی خود ہی تخلیق کرتے ہیں اور اب تک موسیقی کی 50 سے زیادہ تخلیقات پیش کر چکے ہیں وہ اپنی تخلیقات کے لیے شاعری بھی خود ہی کرتے ہیں۔ انھوں نے اردو‘پنجابی ‘انگریزی ‘گوجری اور سرائیکی میں اپنے فن کا اظہار کیا۔ ان کے گائے ہوئے کئی کیسٹ بازار میں دستیاب ہیں۔