ایبرو کا معاہدہ ایک معاہدہ تھا جس پر سن 226 ق م میں، قرطاجنہ کے ہسدروبل دی فیئر اور رومن ریپبلک نے دستخط کیے تھے، جس نے جزیرہ نما آئیبیریا میں دریائے ایبرو کو دونوں متعلقہ طاقتوں کے درمیان حد کے طور پر طے کیا۔ معاہدے کی شرائط کے تحت، قرطاجنہ دریائے ایبرو کے شمال میں توسیع نہیں کرے گا، جبکہ روم دریا کے جنوب میں نہیں بڑھے گا۔

دریائے ایبرو، سپین۔

سن 226 ق م کے کچھ عرصے بعد کسی نامعلوم تاریخ میں، روم نے دریائے ایبرو کے جنوب میں واقع سگنٹم کے قصبے کا الحاق کر لیا۔ [1] مورخ، پولیبیئس کہتا ہے کہ قرطاجنہ کا جنرل ہنی بال جنگ کا بہانہ تلاش کر رہا تھا اور اس معاہدے کی خلاف ورزی ، جو دریا کے جنوب میں واقع ایک قصبے کے ساتھ رومیوں نے الحاق کرکے کی تھی، ہنی بال کو جنگ کا جواز فراہم کیا۔ [2] قرطاجنہ کی سینیٹ کے ساتھ مختصر مشاورت کے بعد، ہنی بال نے سگنٹم قصبے پر حملہ کیا اور آٹھ ماہ تک اس کا محاصرہ کیا۔ رومی سینیٹ نے فوری طور پر ہنی بال اور قرطاجنہ کی سینیٹ کے پاس وفد بھیجے۔ ابتدائی طور پر، رومی وفود نے مطالبہ کیا کہ، رومی اتحادی پر حملہ کرنے کی وجہ سے قرطاجنہ ہنی بال کو رومیوں کے حوالے کر دے۔ قرطاجنہ نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ جنگ کی ابتدا ساگنٹن کے لوگوں نے کی تھی۔

سن 219 ق م میں اس شہر کے قرطاجنہ کے ہاتھوں سقوط سے پہلے رومی سگنٹم کی مدد سے قاصر تھے۔ سگنٹم کے سقوط کے بعد، رومیوں نے جنگ کی تیاری کی اور قرطاجنہ میں دوسری سفارت بھیجی۔ رومن ایلچیوں نے مطالبہ کیا کہ قرطاجنہ، ہنی بال اور سگنٹم پر حملے کے دوسرے ذمہ داروں کو روم کے حوالے کرے۔ [3] مورخ، لیوی کا کہنا ہے کہ یہ دوسری سفارت محض سرکاری طور پر اعلان جنگ کی رسموں کی پیروی کے لیے بھیجی گئی تھی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ رومیوں کو قرطاجنہ کے ساتھ ایک نئی جنگ کی پوری توقع تھی۔ [4] لیوی اور پولیبیئس، دونوں دوسری رومی سفارت اور قرطاجنہ کی سینیٹ کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی تفصیل فراہم کرتے ہیں۔

قرطاجنہ کی سینیٹ نے پھر ایبرو معاہدے سے دستبرداری اختیار کرلی اور پھر ہنی بال کو رومیوں کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ کہا جاتا ہے کہ قرطاجنہ والوں نے اس معاہدے کا موازنہ سن 241 ق م میں کیٹولس اور ہیملکر بارکا کے درمیان ہونے والے معاہدے سے کیا۔ یہاں قرطاجنہ والوں نے دلیل دی کہ رومی عوام نے خود ان دونوں جرنیلوں کی طرف سے کیے گئے معاہدے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ لوگوں نے اس کی توثیق نہیں کی تھی۔ [5] رومی سفیروں نے اس دلیل کو قبول نہیں کیا اور سن 218 ق م میں جنگ کا اعلان کر دیا، جس کے نتیجے میں دوسری فونیقی جنگ شروع ہوئی، جو سن 201 ق م تک جاری رہی۔

حوالہ جات

ترمیم
  1. Adrian Goldsworthy, The Punic Wars (London: Cassel, 2000) 144.
  2. Polybius, The Histories, trans. Mortimer Chambers (New York: Twayne Publishers, 1966), Book III, chapters 15–16, page 103–105.
  3. Titus Livius, Livy, trans. Frank Gardner Moore (Cambridge: Harvard University Press, 1962) Book XXI
  4. Titus Livius Book XXI, VII, 49
  5. Polybius, The Histories, trans. Mortimer Chambers (New York: Twayne Publishers, 1966), Book III, c 28–29

زمرہ:رومی سلطنت