نیشنل اسٹیڈیم

نیشنل اسٹیڈیم پاکستان کے شہر کراچی کا سب سے بڑا کھیل کا میدان ہے۔ یہاں کرکٹ کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور کراچی کی مقامی کرکٹ ٹیمیں کھیلتی ہیں۔

اسٹیڈیم میں 40 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جس کی بدولت یہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے بعد ملک کا دوسرا سب سے بڑا کھیل کا میدان ہے۔

کراچی کی کثیر آبادی کے باعث اسٹیڈیم میں توسیع کے منصوبہ جات زیر غور ہیں جس میں تماشائیوں کی گنجائش میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا پانچواں اور پاکستان کا گیارہواں فرسٹ کلاس میدان ہے۔

یہاں برقی قمقمے اور عظیم الجثہ ٹیلی اسکرین بھی نصب ہے جس کی بدولت یہ دنیا کے جدید ترین میدانوں میں شمار ہوتا ہے۔

11 ستمبر کے بعد کراچی میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات کے باعث غیر ایشیائی ممالک نے کراچی میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ 5 سالوں میں صرف بنگلہ دیش اور سری لنکا نے یہاں میچز کھیلے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھرپور کوششوں اور یقین دہانیوں پر اسٹیڈیم کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہوگئی ہیں۔