بنو بکر
زمانہ قبل از اسلام کا مشہور عرب قبیلہ جو حرب البسوس میں اپنے حریف قبیلہ بنو تغلب کے ساتھ چالیس برس تک برسر جنگ رہا۔ اس زمانے میں قبائلی لڑائیاں بیشتر نسل و خون کے امتیاز پر لڑی جاتی تھیں۔ حرب البسوس پانچویں صدی عیسوی کے اختتام پر شمال مشرقی عرب میں ہوئی۔ بنوبکر اور بنو تغلب ہر دو قبیلے اپنے آپ کو بنو وائل کی نسل خیال کرتے تھے۔ اس جنگ کی ابتدا بنوبکر کی ایک عورت کی اونٹنی کی وجہ سے ہوئی۔ اس عورت کا نام بسوس تھا اور اس کی اونٹنی کو بنو تغلب کے ایک سردار نے زخمی کر دیا تھا۔ اس جنگ کے شعلے ہر دو قبائل کی شاعرانہ تہدید سے مشتعل ہوتے رہے۔ حتی کہ 525ء کے لگ بھگ حیرہ کے بادشاہ بلنذر سوم نے اس کا خاتمہ کرایا۔ کلیب بن ربیعہ اور اس کا بھائی نامور شاعر مہلہل بنو تغلب کے اور حباس بن مرہ بنو بکر کے سردار تھے۔