تفسیرات احمدیہ کا پورا نام التفسیرات الاحمدیہ فی بیان الآیات الشرعیہ جس کے مفسر ملا احمد جیون ہیں۔

اجمالی تعارف ترمیم

تفسیرات احمدیہ کا انداز وہی ہے جو متقدمین علمائے کرام اور سابقین فقہائے کرام کا تھا جس میں سب سے پہلے مفسر علوم لفظیہ کو بیان کرتا ہے مفرد الفاظ کی تحقیق کرتا ہے لغت کے اعتبار سے اس پر بحث اورپھر اس کے مادہ اشتقاق کو واضح کرتا ہے اس کے بعد ترکیب بیان کی جائے اور اعراب کی وضاحت کی جائے آخر میں معانی پر سیر حاصل گفتگو اورمرادی معنی کا استنباط کرتے ہوئے اشارات کو تفصیل سے بیان کرے۔

حنفی نقطہ نظر ترمیم

قرآن مجید کی بہت سی تفسیر قرآن میں آنے والی آیات احکام کے لحاظ سے لکھی گئی ہیں، مثلاً احکام القرآن لجصاص اور احکام القرآن للقرطبی وغیرہ۔ لیکن یہ جو کچھ بھی لکھا گیا اس میں پورے قرآن کی تفسیر میں ضمناً احکام کو بیان کیا گیا ہے۔ لیکن ملا جیون کی یہ التفسیرات الاحمدیہ فی بیان الایات الشرعیہ۔ ایک ایسی تصنیف ہے جس میں تقریباً پانچ سو آیات جو احکام سے متعلق ہیں ان کو نہ صرف یکجا کر دیا گیا ہے بلکہ ان کی تشریح و توضیح حنفی نقطہ نظر سے کی گئی ہے۔

دور طالب علمی کی یادگار ترمیم

ملا احمد جیون کی اس تصنیف کی اہم بات یہ ہے کہ موصوف کے زمانہ طالب علمی کی یہ تصنیف ہے جب کہ آپ ابھی عمر کے اکیسویں برس میں داخل ہوئے تھے اور اپنی درسی مصروفیات کو جاری رکھتے ہوئے تقریباً چھ سال کے قلیل عرصہ میں اس تصنیف کو مکمل کر لیا۔ چنانچہ کتاب کے آخر پر خود فرماتے ہیں: "کہ میں نے اس کتاب یعنی تفسیر الآیات الشرعیہ کی تصنیف کا کام امیٹھی میں اپنی عمر کے سولہویں برس میں شروع کیا جب میں حسامی پڑھا کرتا تھا۔ اور یہ 1064ھ کا واقعہ ہے۔ اور امیٹھی ہی میں نے 1069ء میں اس کتاب کو مکمل کر لیا جب میں شرح مطالع الانوار پڑھتا تھا اور اس وقت میری عمر اکیسویں برس میں تھی۔

خصوصیات و امتیازات ترمیم

اس کتاب کی فنی خصوصیات میں سے یہ ہے کہ موصوف نہ صرف آیات قرآنیہ سے مسائل کا استنباط کرتے ہیں بلکہ منتخب آیات کے تمام متعلقات و احکامات مثلاً اس کی وجوہات اعراب، پھر مختلف وجوہ اعراب کی بنیاد پر مختلف توجیہات کا ذکر کرت ہیں ہر توجیہ کی بنا پر مستنبط مسئلہ کی توضیح اور ان توجیہات سے مسالک فقہ اور مکاتب فکر کی تائید و تردید کی نشان دہی۔ اور ضروری ضروری مقامات پر کلامی اور منطقی انداز سے مسئلہ زیر بحث کی وضاحت کرتے ہیں۔[1]

حوالہ جات ترمیم

  1. تفسیرات احمدیہ،ملااحمد جیون ،صفحہ 15 تا20، ضیاء القرآن پبلیکیشنز لاہور،2006ء