تین گھاٹی بند یا تھری گورجز ڈیم (انگریزی: Three Gorges Dam، باضابطہ نام: 长江三峡水利枢纽工程) چین کے صوبہ ہوبئی میں دریائے یانگزے پر واقع ایک برقابی بند (Hydroelectric Dam) ہے جسے گنجائش (22 ہزار 500 میگاواٹ) کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا بجلی گھر ہونے کا اعزاز حاصل ہے البتہ سالانہ بجلی کی پیداوار کے لحاظ سے یہ اتائپو بند کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے بڑا بند ہے۔

تین گھاٹی بند، بمطابق ستمبر 2009ء

جہازوں کو بلند کر کے بند کے بالائی علاقے میں پہنچانے کے مرحلے کے علاوہ بقیہ پورا بند آخری 32 مرکزی تربینوں (turbines) سے پیداوار کے آغاز کے ساتھ 4 جولائی 2012ء کو مکمل طور پر فعال ہوا۔ ہر تربین 700 میگاواٹ بجلی کی گنجائش رکھتا ہے۔ بند کا تعمیراتی ڈھانچہ 2006ء میں مکمل ہوا تھا۔

بجلی کی پیداوار کے علاوہ اس بند کا مقصد دریائے یانگزے میں جہاز رانی میں اضافہ اور سیلابی پانی کو محفوظ رکھ کر زیریں علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کو کم کرنا ہے۔ چینی حکومت نے اس بند کی تکمیل کو انجینئری کے علاوہ زبردست سماجی و معاشی کامیابی بھی قرار دیا تھا، جس کی وجہ شاہکار تربین اور ماحول دشمن گیسوں کے اخراج کو محدود کرنا تھا۔ البتہ ہر بڑے بند کی تعمیر کی طرح تین گھاٹی بند کی تعمیر نے بھی اردگرد کے عوام کے لیے بڑے مسئلے کھڑے کیے اور 13 لاکھ افراد بے گھر ہونے کے بعد نئے مقامات پر منتقل ہوئے۔ علاوہ ازیں چند آثار قدیمہ اور ثقافتی مقامات کو بھی اس عظیم بند کی تعمیر سے نقصان پہنچا جس کی وجہ سے اس بند کی تعمیر مقامی و بین الاقوامی دونوں سطح پر زیر بحث رہی۔

حکومت نے اس بند کی تعمیر کے لیے اخراجات کا تخمینہ 180 ارب یوان (22.5 ارب امریکی ڈالر) لگایا تھا۔ 2008ء کے اختتام تک 148.365 ارب یوان خرچ ہو چکے تھے جن میں سے 64.613 ارب تعمیر پر، 68.557 ارب متاثرین کی نئے مقامات پر منتقلی کے لیے اور 15.195 سرمایہ کاری پر خرچ ہوئے۔ اندازہ ہے کہ تعمیراتی اخراجات اس وقت پورے ہوں گے جب بند ایک ہزار ٹیراواٹ بجلی پیدا کرے گا جو 250 ارب یوان آمدنی دے گی۔ اخراجات کی کل وصولی بند کے مکمل چالو حالت میں آنے کے بعد دس سال بعد ممکن ہے۔

fchxhzfsdh

سانچہ:لی کی چیانگ