جاسوس سیارہ
جاسوس سیارہ ایک ایسا مصنوعی سیارہ ہے جو فوجی مقاصد مثلاً جاسوسی کے لیے زمین کے مدار میں چھوڑے جاتے ہیں۔ پہلے پہل چھوڑے جانے والے جاسوس سیارے زمین کی تصاویر لینے کے بعد انھیں بذریعہ کیپسول زمین کی طرف روانہ کرتے تھے۔ ان کیپسولوں کو فضا ہی میں پکڑ لیا جاتا تھا۔ روس اور امریکا نے سب سے پہلے سیاروں کو جاسوسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ اس سلسلے میں کچھ مستثنیات کے علاوہ 1972ء تک کے مواد کو امریکا نے عوام کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ جاسوس سیاروں کو دنیا کے ممالک کی تصاویر اور ان کی جوہری صلاحیت کا اندازہ لگانے کے علاوہ میزائلوں کے استعمال کا اندازہ لگانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ممالک کی خفیہ تنصیبات کا جائزہ لینے اور ان کی فوجی نقل و حرکت کا مشاہدہ کرنے کے لیے بھی انھیں استعمال کیا جاتا ہے۔