جلالی تقویم دراصل ایرانی قدیم شمسی تقویم کی نئی شکل ہے جسے عمر خیام اور اس کے ساتھیوں نے سلطان جلال الدین ملک شاہ سلجوقی (1072-1092ء) کے کہنے پر بنایا تھا۔ سلطان جلال الدین (ملک شاہ اول) کے نام پر اس تقویم کا نام جلالی تقویم رکھا گیا تھا اور یہ 15مارچ 1079 سے نافذ کیا گیا تھا۔ عمر خیام نے رسدگاہ میں تحقیق سے دریافت کیا تھا کہ زمین کا سورج کے گرد چکر 365.24219858156 دنوں میں پورا ہوتا ہے۔ اس کا یہ نتیجہ آج بھی اعشاریہ کے بعد چھ ہندسوں تک صحیح مانا جاتا ہے۔ اس پیمائش سے 5500 سالوں میں صرف ایک گھنٹے کی غلطی ہوتی ہے جبکہ گریگورین تقویم جو چار صدیوں بعد یورپ میں استعمال ہونا شروع ہوئی۔ اس میں محض 3300 سال میں پورے ایک دن کی غلطی ہونے کی گنجائش ہے۔