جھیل چاڈ
جھیل چاڈ (فرانسیسی: Lac Tchad، انگریزی: Lake Chad) افریقا کی ایک بڑی اور اتھلی جھیل ہے۔ اقتصادی طور پر یہ بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ اپنے گرد واقع چار ممالک – چاڈ، کیمرون، نائجر اور نائجیریا – میں رہنے والے 2 کروڑ افراد کے لیے پانی کا ذریعہ ہے۔ دریائے چری اس کے لیے پانی کا اہم ترین ذریعہ ہے جو جھیل کا 90 فیصد پانی فراہم کرتا ہے۔ کیونکہ یہ بہت اتھلی یعنی کم گہری ہے- زیادہ سے زیادہ گہرائی محض 7 میٹر – اس لیے اوسط گہرائی میں معمولی تبدیلیوں کے حوالے سے یہ علاقہ بہت حساس ہے اور موسمی لحاظ اس کے حجم میں تبدیلیاں واقع ہوتی رہتی ہیں۔
1823ء میں جب یورپیوں نے پہلی مرتبہ اس جھیل کا معائنہ کیا تو یہ اس وقت دنیا کی بڑی جھیلوں میں سے ایک تھی لیکن بعد ازاں اس کے حجم میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی۔ موسمیاتی تبدیلی اور جھیل کے پانی کی بڑھتی ہوئی طلب گذشتہ 40 سالوں میں اس کے سکڑنے کی اہم وجوہات ہیں۔
1960ء کی دہائی میں جھیل کا کل رقبہ 26 ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ تھا، اس طرح یہ براعظم افریقہ کی چوتھی سب سے بڑی جھیل تھی۔ 2000ء تک اس کا رقبہ گھٹ کر 1500 مربع کلومیٹر رہ گیا۔ اس کی اہم وجوہات بارشوں میں کمی اور نہری پانی کے طور پر جھیل اور اس میں گرنے والے دریاؤں کے پانی کا بڑھتا ہوا استعمال ہیں۔ خدشہ ہے کہ جھیل مزید سکڑتی جائے گی اور 21 ویں صدی میں مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔ جھیل 1908ء اور 1984ء میں تقریباً خشک ہو چکی تھی جب اس کی اوسط گہرائی محض 1.5 میٹر رہ گئی تھی۔
جھیل کا کل سطحی حجم 1540 مربع کلومیٹر ہے اور اوسط گہرائی 4.11 میٹر ہے۔
ویکی ذخائر پر جھیل چاڈ سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |