سانچہ:باب:تمریض/تعارف
طبی و تمریضی اخلاقیات و نصابی تعریف کی رو سے تمریض (nursing) ایک ایسا شعبۂ خدمت و اقرارِ معاونت ہے کہ جو مختلف درجات و مراحل پر ایسے ضروری لوازمات و اسباب مہیا کرتا ہے کہ جن کی وجہ سے کسی نومولود ، کسی بچے ، کسی جوان یا بوڑھے شخص کی صحت میں بہتری لائی جاسکتی ہو ، اور پھر اس صحت کو قائم و برقرار رکھا جاسکتا ہو، اور یا پھر بیمار افراد کی بحالی صحت میں مدد حاصل ہوتی ہو۔ اسی وجہ سے بعض اوقات تمریض کو خدمات فراھم کیۓ جانے والے افراد کی عمر اور کسی شفاخانے میں انکے مقام کے لحاظ سے متعدد ذیلی شعبہ جات میں بھی تقسیم کیا جاتا ہے مثال کے طور پر تمریضِ اطفال ، تمریضِ شیوخ (geriatric nursing) وغیرہ۔ بعض اوقات تمریض کو طب کے ذیلی شعبہ جات کے لحاظ سے بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔ یعنی آسان الفاظ میں یوں کہ سکتے ہیں کہ تمریض ایک ایسا پیشہ ہے کہ جو صحت اور فعالیت کو برقرار رکھنے کیلیۓ (اور یا پھر دورانِ مرض و بعد از مرض اسے بحال کرنے کیلیۓ) فرد ، خاندان اور یا پھر کسی آبادی کی تیمارداری اور دیکھ بھال ، اور اس دیکھ بھالی کے استقلال سے منسلک ہوا کرتا ہے۔ یہ افراد بیمار بھی ہوسکتے ہیں اور یا پھر کسی اور وجہ (مثلا عمر) سے اپنی دیکھ بھال خود کرنے سے قاصر ہو چکے ہوتے ہیں۔ عام طور پر تمریض کے پیشے میں خواتین کی تعداد کا تناسب مردوں سے زیادہ دیکھا جاتا ہے ، ان خواتین کو جو کہ تمریض کے فرائض انجام دیتی ہیں ممرضہ (nurse یا اختصاص کے ساتھ female nurse) کہا جاتا ہے جبکہ اگر تمریض کے فرائض انجام دینے والی شخصیت مرد کی ہو تو اسے ممرض (male nurse) کہتے ہیں۔