دیوانی ملازمت

(سول سروس سے رجوع مکرر)

دیوانی ملازمت یا سول سروس سے مراد فوجی ملازمتوں کو چھوڑ کر دیگر سرکاری محکموں کی وہ ملازمتیں ہیں جن کے لیے منتخب شدہ ملازمین سرکاری منصوبوں کا نفاذ کرتے اور ان کا انتظام سنبھالتے ہیں۔ بھارت میں دیوانی ملازمتوں کے اہم عہدے یہ ہیں: آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس۔

کہا جاتا ہے کہ دیوانی ملازمت کا آغاز چین سے ہوا لیکن جدید دنیا میں دیوانی ملازمتیں فرانس کی دَین ہے۔ بھارت میں اس کی ابتدا برطانوی حکومت کے دوران میں سنہ 1885ء میں ہوئی۔ برطانوی حکومت کے دوران میں دیوانی ملازمت کے افسران کو وسیع اختیارات حاصل تھے، ان کے فرائض میں امن و قانون پر قابو رکھنا، انصاف کرنا اور محصولات اکٹھا کرنا تھا۔ روزگار کے طور پر دیوانی ملازمت بہت سے نوجوانوں اور والدین کے اپنے بچوں کے لیے ایک سنہرے مستقبل کی علامت ہوا کرتی ہے۔ بھارت کی دیوانی ملازمتوں کو انتہائی مخصوص خدمت سمجھا جاتا ہے جو قابل اور خواہش مند اشخاص کو انتہائی مشکل اور پر کشش روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے جس میں کسی دوسری ملازمت کے مقابلے میں مختلف نوع کے فرائض، حقوق اور اختیارات ملتے ہیں۔