طبیب القلوب محب النبی ﷺ حضرت خواجہ ثناء محمد چشتی رحمة الله عليه

آپ حضور شیخ الاسلام والمسلمين بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمت اللہ علیہ کی نسبی اولاد میں سے ہیں آپ کے والد گرامی حضرت خواجہ سَید جلال چشتی رحمت اللہ علیہ صاحبِ کشف، کامل درویش تھے آپ کا سلسلہ نسب اٹھارہ واسطوں سے حضرت بابا فرید اجودھنی رحمت اللہ علیہ کے پوتے تاج العارفین حضرت بابا تاج الدین سرور شہید علیہ الرحمہ چشتیاں شریف سے جا ملتا ہے آپ کی بیعت اور خرقہ خلافت مشہورِ زمانہ مبلغ و صوفی حضرت خواجہ محمد یار فریدی رحمت اللہ علیہ سے ہے جو کہ مرید و خلیفہ تاج العاشقین حضرت خواجہ غلام فرید رحمت اللہ علیہ (کوٹ مٹھن شریف ) کے ہیں

خواجہ ثناء محمد چشتی رحمت اللہ علیہ اخلاق، گفتار و کردار میں اپنے اسلاف کا عملی نمونہ تھے دورِ حاضر میں آپ کی مذہبی و ملی خدمات قابلِ تحسین ہیں آپ کے فیضانِ صُحبت سے اللہ تعالیٰ نے ہزاروں لوگوں کو راہِ ہدایت عطا فرمائی

حُسنِ اخلاق و نظر سے دل مسخر کر لئے

کر دیا ویران سینوں کو محبت کا چمن

سنت انبیاء علیہم السلام پر عمل کرنے کی غرض سے اپنے آبائی علاقے بائیل گنج جو کہ پاکپتن شریف کے قریب واقع ہے خواجہ ثناء محمد چشتی رحمت اللہ علیہ وہاں سے ہجرت کر کے فرید پور شریف گڑھ فتح شاہ ضلع فیصل آباد تشریف لے آئے تھے

آپ کا وصال پُر ملال 25 فروری 1998 ء میں ہوا آپ کا مزار پُر انوار فرید پور شریف میں مرجع خلائق ہے