غدر اخبار
اس مضمون یا قطعے کو غدر (اخبار) میں ضم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ |
غدر اخبار (ہندی:ग़दर) آزادی سے قبل شمالی امریکا میں مقیم ہندوستانیوں کا حریت پسند اردو اخبار تھا۔ اس اخبار کا اجرا 1913ء میں قائم ہونے والی انقلابی تنظیم غدر پارٹی نے کیا جس کے پہلے مدیر لالہ ہر دیال تھے۔
اخبار کی پیشانی پر یہ نعرہ درج ہوتا تھا: “انگریزی راج کا دشمن“۔ اخبار کا مقصد ہندوستانی قوم میں انگریز کے خلاف محکومانہ نفرت، قومی آزادی اور بغاوت کے جذبات کو ہو دینا تھا۔ ہر چند اخبار میں سکھوں اور پنجابیوں کی اکثریت تھی لیکن اخبار اور پارٹی مکمل سیکولر رجحانات رکھتی تھی۔ سوہن سنگھ بھکنا (جو بعد میں ایک معروف کسان رہنما بنے) “غدر“ میں لکھتے ہیں کہ ہم نہ پنجابی ہیں نہ سکھہ، ہمارا دھرم حب الوطنی ہے۔
غدر اخبار کا ایک اور مقصد شمالی امریکا میں مقیم ہندوستانیوں کے خلاف انسان دشمن امیگریشن قوانین اور معاندانہ رویہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا بھی تھا۔
1917ء میں ہندو جرمن سازش کیس میں غدر کے اہم رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا اور اخبار کو ضبط کر لیا گیا۔
غدر اخبار قومی آزادی کی جدوجہد میں قربانیوں اور شجیع روایتوں کا ایک یادگار باب ہے۔ آج بھی برصغیر پاک و ہند کی صحافتی و سیاسی تاریخ میں غدر اخبار مزاحمت اور انقلاب کے لیے ایک علامت کی حیثیت رکھتا ہے۔