فصول
- اگر یہ آپ کا مطلوبہ صفحہ نہیں تو دیکھیے، فصل (ضدابہام)
فصل (جمع: فصول، فصلیں / انگریزی: season) عرصۂ سال کے ایک ذیلی حصے کو کہا جاتا ہے یعنی اس بات کو یوں بھی کہہ سکتے ہیں کے مدتِ سال کو چند ذیلی حصص میں تقسیم کر دیا جاتا ہے، ان ذیلی حصوں کو فصول کہتے ہیں اور اس تقسیم کی خاطر موسم میں آنے والے تغیرات کو اساس بنایا جاتا ہے۔ کرۂ ارض کے معتدل یا ذیل قطبی (subpolar) مقامات پر چار فصول دیکھنے میں آتے ہیں؛ بہار، گرما، خزاں اور سرما۔ سال بھر کے دوران، بيئيات و موسم میں ہونے والے یہ تغیرات یعنی فصول، زمین کی سورج کے گرد مداری گردش اور اپنے محور کے گرد محوری گردش کے باعث پیدا ہوتے ہیں۔ فصل کی نمود میں زمین کی مداری گردش کی نسبت محوری گردش کا عمل دخل زیادہ پایا جاتا ہے اور اس کی اہم وجہ زمین کے محور کا قریباً 23 درجے کے جھکاؤ پر ہونا ہے، اس جھکاؤ کی وجہ سے زمین کا ایک قطب سورج کی روشنی کو دوسرے قطب کے لحاظ سے زیادہ حاصل کرتا ہے اور یوں محوری جھکاؤ کے قطبین کی سورج سے دوری اور قربت موسمی تغیرات یعنی فصول کی پیدائش کا موجب بن جاتی ہے۔
مذکورہ بالا شکل سے واضح ہے کہ مئی جون اور جولائی کے مہینوں میں زمین کا شمالی نیم کرہ اور نومبر دسمبر اور جنوری کے مہیونوں میں جنوبی نیم کرہ سورج کے زیادہ سامنے آتا ہے اور اس سے زیادہ روشنی حاصل کرتا ہے جس کی وجہ سے یہ کرے اپنے اپنے موسم گرما میں ہوتے ہیں جبکہ مخالف نیم کروں پر موسم سرما آتا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اوج و حضیض کے مقامات پر زمین کی سورج سے دوری اور نزدیکی سے زمین کے گرم یا سرد ہونے کا تعلق نہیں ہوتا۔
عرض البلد اور فصول
ترمیمزمین کا سورج کے گرد اپنے گردشی مدار (مسارالشمس (ecliptic)) کے لحاظ سے ترچھا پن موسموں کی پیدائش میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مسار الشمس کے مقام پر زمین کا قطر، زمین کے اپنے محوری مدار پر عمودی قطر (استوا (equator)) پر جو زاویہ بناتا ہے اس کی وجہ سے زمین کے جغرافیائی عروض، فصول میں ایک دوسرے سے قدرے محتلف ہو جاتے ہیں۔