نام فیضان حیدر، والد کا نام مولانا ارشاد حسین اور والدہ کا نام شمیم زہرا ہے۔ 1/جون 1986 کو قصبہ پورہ معروف ضلع مئو اترپردیش کے ایک متوسط اور مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ جب ہوش سنبھالا تو والد نے محلہ کے ایک مکتب میں داخل کر دیا جہاں ابتدائی تعلیم و تربیت پائی۔ متوسط اور اعلی تعلیم مدرسہ باب العلم مبارک پور، سلطان المدارس لکھنؤ اور جامعہ ناظیمہ لکھنؤ میں حاصل کی، جہاں عربی، فارسی اور اردو کے ساتھ فقہ، اصول فقہ، منطق اور فلسفہ میں بھی استعداد بہم پہنچائی۔

2003ء میں لکھنؤ یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور پھر 2008ء میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی دہلی چلے گئے جہاں کے علمی و ادبی ماحول میں رہ کر فارسی زبان و ادب میں مہارت پیدا کی۔ انھوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی سے فارسی زبان و ادب میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ ان کے تحقیقی مقالے کا عنوان "سفرنامہ نویسی فارسی در ہند" ہے۔ فی الحال وہ ادارہ تحقیقات اردو و فارسی کے ڈائرکٹر ہیں اور تصنیف و تالیف میں ہمہ تن مشغول ہیں۔

علمی آثار:

اظہار نظر (مجموعہ مضامین) سال اشاعت 2015ء اردو اور فارسی زبان و ادب سے متعلق تحقیقی و تنقیدی مضامین کا مجموعہ

رباعیات خیام (مع مقدمہ، تصحیح، ترجمہ و معانی الفاظ) سال اشاعت 2016ء

3۔ تاریخ گورکھپور (مع مقدمہ، تصحیح و تحشیہ) (فارسی) سال اشاعت 2016ء

رہنمائے ازدواج (فارسی سے ترجمہ) سال اشاعت 2016ء

انتخاب کلام پروین اعتصامی سال اشاعت 2017ء

ان کے علاوہ 35 سے زائد علمی، ادبی اور تحقیقی مضامین ملک و بیرون ملک کے موقر جریدوں میں شائع ہو چکے ہیں۔

ان کی ادارت میں 2016ء سے ایک بین الاقوامی علمی، ادبی اور تحقیقی جریدہ "فیضان ادب" کے نام سے پابندی کے ساتھ شائع ہورہا ہے۔