شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس
قرآن کریم کی نشر و اشاعت کا سب سے بڑا مرکز اسی بستی میں قائم ہے جہاں پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر دس سالوں تک قرآن کریم کا نزول ہوتا رہا اور جہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر رمضان میں جبریل امین کے ساتھ قرآن کریم کا دور کیا کرتے تھے، عقیدت کی وہ مقدّس بستی مدینہ کہلاتی ہے اور اشاعت کا وہ عظیم مرکز مجمع الملک فہد لطباعۃ المصحف الشریف (شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس ) کے نام سے جانا پہچانا جاتا ہے۔ل
اس کمپلیکس نے تین سو اکسٹھ (361) قسم کی متنوع مطبوعات ومنشورات شائع کی ہیں اور افتتاح سے لے کر اب تک سینتیس سال میں تقریبا بتیس کروڑ مطبوعات ومنشورات تقسیم کرچکاہے اور فی الحال ایک سال میں ایک کروڑ اسّی لاکھ سے زیادہ مختلف مطبوعات ومنشورات شائع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔[1]
(عربی زبان: مجمع الملك فهد لطباعة المصحف الشريف)
(English: King Fahd Complex for the Printing of the Holy Quran)
مجمع الملك فهد لطباعة المصحف الشريف | |
فائل:Qurancomplex.png | |
بانی | شاہ فہد بن عبد العزيز |
---|---|
قِسم | حكومتى اداره |
مقصد | قرآن کریم كى طباعت |
ہیڈکوارٹر | مدینہ منورہ |
مقام | |
نقاط | 24°30′59″N 39°32′29″E / 24.51639°N 39.54139°E |
دفتری زبان | عربى |
Secretary General | Dr. Bandar bin Fahd Al-Suwailem |
نگراں | عبد اللطيف بن عبد العزيز آل الشيخ |
ویب سائٹ | http://qurancomplex.gov.sa/ |
تاسيس اور افتتاح
ترمیمشاه فہدبن عبد العزيز –رحمہ الله- نے عالم اسلام كى ضرورت كو محسوس كرتے ہوئے 16/محرم 1403ھ (1982ء) ميں سنگ بنياد ركها اور 6/ صفر 1405ھ (1984ء) كو افتتاح كيا۔
اہداف ومقاصد
ترمیم1- عالم اسلام ميں رائج متواتر قراءتوں ميں مصحف (قرآن) كى اشاعت.
2- عالم اسلام ميں رائج متواتر قراءتوں ميں قرآن كريم كى ريكارڈنگ.
3- دنيا كى زنده زبانوں ميں قرآن كريم كے تراجم اور تفاسير كى اشاعت.
4- علوم قرآن كا اہتمام اور اس فن كے عمده قلمى نسخے (Manuscripts) كى تحقيق.
5- قرآن اور علوم قرآن سے متعلق ريسرچ كا اہتمام.
6- كمپليكس كى مطبوعات ومنشورات كے ذريعہ مسلمانان عالم كى ضرورتوں كى تكميل.
7- كمپليكس كى مطبوعات ومنشورات كو انٹرنيٹ اور مختلف ايپس كے ذريعہ فروغ دينا. [2]
کمپلیکس کا رقبہ اور عملہ
ترمیمکمپلیکس ڈھائی لاکھ مربع میٹر اراضی پر پھیلا ہوا ہے جس میں مسجد، تنظیمی دفاتر، پریس، لائبریری، گودام، بک سٹال، کلینک اور پارکنگ وغیرہ سب شامل ہیں، گویا وہ اپنے آپ میں مکمل ایک ثقافتی بستی ہے۔ وزارت برائے اسلامی امور کی نگرانی میں وہاں گیارہ سو سے زائد عملہ کام کرتا ہے جن میں علما اور پروفیسران بھی ہیں اور تکنیکی وانتظامی عملہ بھی۔
کارہائے نمایاں:
ترمیمشاہ فہد کمپلیکس اعلی علمی و تکنیکی صلاحیت اور جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ نہایت عمدگی اور پختگی کے ساتھ کارہائے نمایاں انجام دے رہاہے، ذیل کی سطروں میں انھیں اختصار کے ساتھ سپردِ قرطاس کیا جاتا ہے[3].
1) کمپلیکس نے عالم اسلام میں رائج آٹھ روایتوں میں چودہ طرح کے مصاحف (قرآن کے نسخے) شائع کیا ہے: تین نسخے حفص کی روایت میں، دو وَرْش کی روایت میں،دو قالون کی روایت میں، تین دوری کی روایت میں، ایک شعبہ کی روایت میں، ایک سوسی کی روایت میں، ایک بزی کی روایت میں اور ایک قنبل کی روایت میں. (یہ آٹھوں نام دوسری اور تیسری صدی ہجری کے مشہور قراء کے ہیں).
کتابت اور طباعت پر شیخ علی بن عبد الرحمن الحذیفی کی زیرِصدارت چار رکنی علمی کمیٹی نگرانی کرتی ہے۔ ہر ممبر مصحف کے قلمی نسخے کا تنہا مراجعہ (نظر ثانی) کرتے ہیں اور اپنے ملاحظات تحریر کرتے ہیں، پھر ان ملاحظات پر میٹنگ میں تبادلہ خیال ہوتا ہے۔ اور کمیٹی کے فیصلے کے بعد تصحیح کا کام ہوتا ہے، پھر تصحیح شدہ نسخہ علمی کمیٹی کے پاس دوبارہ مراجعہ کے لیے جاتا ہے، یہاں تک کہ کمیٹی کو اطمینان ہوجائے. پھر کمیٹی طباعت کی تیاری کی اجازت دیتی ہے۔ اور تیاری کے اس مرحلے میں بھی نہایت دقت کے ساتھ کمیٹی نگرانی کرتی ہے یہاں تک اسے اطمینان ہو جائے۔
2) کمپلیکس نے دس طرح کے آڈیو ٹیپس نشر کیا ہے: چھ حفص کی روایت میں (شیخ علی الحذیفی، شیخ ابراہیم بن الأخضر القیم، شیخ محمد أیوب محمد یوسف، شیخ عبد اللہ بن علی بصفر، شیخ عماد زہیر حافظ اور شیخ خالد بن سلیمان المہنا کی آواز میں) اور ساتواں:قالون کی قراء ت میں شیخ علی الحذیفی کی آواز میں، آٹھواں: ورش کی قراء ت میں شیخ ابراہیم بن سعید الدوسری کی آواز میں، نواں: شعبہ کی قراء ت میں شیخ علی الحذیفی کی آواز میں، دسواں: سکھانے والا آڈیو مصحف (آخری پانچ پارے) حفص کی قراء ت میں شیخ علی حذیفی اور ابراہیم بن الأخضر کی آواز میں۔
یہ آڈیو ٹیپس مذکورہ بالا علمی کمیٹی کی نگرانی میں ہی تیار کیے جاتے ہیں۔ یہ آڈیو ٹیسپس درج ذیل لنک پر دستیاب ہیں:
https://audio.qurancomplex.gov.sa/site/
3) کمپلیکس نے حفاظ کے لیے حفص کی قراء ت میں بیس سے زائد تجوید کا دورہ کرایا، جن سے تقریبا پانچ سو حفاظ فارغ ہو چکے ہیں۔یہ دورے مسجد نبوی میں منعقدکئے جاتے ہیں، ایک دورہ تقریبا سات مہینے کا ہوتا ہے اور ایک کے مکمل ہوتے ہی دوسرے کا آغاز کر دیا جاتا ہے۔
4) کمپلیکس میں تراجم کے لیے ایک مستقل مرکز قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد ہے: عالم اسلام کی ضرورتوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے دنیا کی مختلف زبانوں میں قرآن کریم، تفاسیر اور علوم قرآن کے تراجم تیار کرنا، کمپلیکس کو عالم اسلام سے موصول ہونے والے تراجم کا تجزیہ کرنا، ترجمے میں در پیش مسائل کا حل تلاشنا اور اس میدان میں بحث و تحقیق کا کام کرنا. وغیرہ وغیرہ.
5) کمپلیکس نے ترجمہ سینٹر کی زیر نگرانی دنیا کی چوہتّر (74) زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم شائع کیے ہیں: (39) ایشیائی زبانیں، (16) یورپین زبانیں اور (19) افریقی زبانیں۔
6) کمپلیکس نے قرآنیات ریسرچ سینٹر قائم کیا ہے، جس کا مقصد ہے: ایسے تفاسیر کی اشاعت جن کا ترجمہ مختلف زبانوں میں ممکن اور خاص وعام کے لیے مفید ہو، قرآنیات پر بحث و تحقیق کو فروغ دینا، متنوع علمی کتابیں، ڈکشنری، انسائیکلوپیڈیا، ڈیٹا اور فہرست وغیرہ تیار کرنا، قدیم عمدہ کتابوں کی تحقیق کرنا اور قرآن اور علوم قرآن کے متعلق اعتراضات و شبہات کا ٹھوس اور مدلل جواب دینا، وغیرہ، وغیرہ.
7) کمپلیکس نے قرآنیات ریسرچ سینٹر کی زیر نگرانی قرآنی علوم ومباحث پر (31) سے زائد کتابیں شائع کی ہیں، جیسے: التفسیر المیسر، المیسر فی غریب القرآن الکریم، الاتقان فی علوم القرآن (تالیف: سیوطی)، تقریب النشر فی القراء ات العشر (تالیف: جزری)، فہرس مخطوطات التفسیر وعلوم القرآن فی مکتبات المدینۃ المنورۃ، وغیرہ وغیرہ.
8)کمپلیکس نے ریسرچ سینٹر کی زیر نگرانی قرآنیات کے مختلف موضوعات پر سات سیمینار اور کنوینشن کا انعقاد کیا اور چار سمینار میں پیش کیے جانے والے مقالات اور ریسرچ پیپرس کو (29) جلدوں میں شائع کیا۔
9) کمپلیکس قرآنیات سے متعلق ششماہی ریفریڈ جرنل ''مجلۃ البحوث والدراسات القرآنیۃ '' (Journal of Quranic Research and Studies) کے نام سے محرم 1427ھ(فروری 2006ء)سے شائع کر رہا ہے اور اب تک بیس سے زائد شمارے شائع ہو چکے ہیں۔ جرنل کی خصوصی ویب گاہ درج ذیل لنک پر ہے: https://jqrs.qurancomplex.gov.sa/
10)کمپلیکس نے 1428ھ میں ڈیجیٹل ریسرچ سینٹرقائم کیا تا کہ قرآنی نصوص، مصطلحات، تفاسیر اور تراجم کو یکساں اور اعلی معیار کے مطابق ڈیجٹلائز کیا جائے، قرآنی نصوص کے ڈیجیٹل پروگرامس اور ایپس کا جائزہ لے کر ان کا متبادل (Altenate) پیش کیا جائے۔ اور الکٹرانک میڈیا میں قرآن کریم کے نصوص (text) اور تلاوتوں کے لیے ڈیجیٹل تصدیق نامے (Verification Certificate) جاری کیے جائیں.
ڈیجیٹل ریسرچ سینٹر
ترمیمذیل میں کمپلیکس کی الیکٹرانک اور ڈیجیٹل کارناموں کا ذکر کیا جارہا ہے[4]:
1) وینڈوز فون آپریٹنگ سسٹم کے لیے حفص کی روایت میں (مصحف المدینۃ النبویۃ) ایپ لانچ کیا، جس کی خدمات بارہ عالمی زبانوں میں دستیاب ہیں۔
2) وینڈوز 8-8.1 آپریٹنگ سسٹم کے لیے (مصحف المدینۃ النبویۃ) ایپ لانچ کیا یہ مایکروسوفٹ کے ایپس پلیٹ فارم پر دستیاب ہے، ٹیبلیٹ، لیپ ٹاپ، ڈیسک ٹاپ پر کام کرتا ہے اور اس کی خدمات عربی اور انگریزی دو زبانوں میں میسر ہیں۔
3) مصحف المدینۃ برائے کمپیوٹر اشاعت لانچ کیا، یہ ایسا پروگرام ہے جس سے قرآنی آیات کو عثمانی رسم الخط میں کمپیوٹر کے دوسری ڈاکومنٹس میں نقل کرنا نہایت آسان ہوتاہے، یہ پروگرام اس لنک پر دستیاب ہے: nashr.qurancomplex.gov.sa
4) مصحف المدینۃ ایپ برائے اسکول اشاعت لانچ کیا جو کمپیوٹر اشاعت والے پروگرام کا ہلکا ورژن ہے، اس کے لیے بیرونی سافٹ ویئر کی ضرورت نہیں پڑتی، اس میں ایک روایت کے لیے صرف ایک فاونٹ ڈاون لوڈ کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ کمپیوٹر اشاعت میں ایک روایت کے لیے چھ سو چار (604) فاونٹ ڈاون لوڈ کرنے کی ضرورت پڑتی تھی، یہ ایپ اس لنک پر دستیاب ہے:
http://nashrsMadrasi.qurancomplex.gov.sa
5) (ios اور (android آپریٹنگ سسٹم کے لیے (مصحف المدینۃ النبویۃ) ایپ حفص کی روایت میں لانچ کیا. اس ایپ میں نو طرح کی تلاوت، سات نصی تراجم، سات صوتی تراجم، التفسر المیسر اور کمپلیکس کی اور کئی اشاعتیں شامل ہیں اور بہت ساری الکٹرانک امتیازی خصوصیات کا حامل ہے، اس کی خدمات تیرہ عالمی زبانوں میں دستیاب ہیں: عربی، اردو، انگریزی، فارسی، فرانسیسی، اسپینی، جرمن، ترکی، جاپانی، اطالوی، انڈونیشی، سواحلی اور ہوسا، اس کی لنک ہے: http://onelink.to/madinaquran
6) معذورین کے لیے اشارہ کی زبان میں سورہ فاتحہ اور تیسویں پارے کی مختصر تفسیر لانچ کیا، یہ تفسیر کلمات کے معانی، سورت کی تفسیر کا خلاصہ اور اہم فوائد واحکام پر مشتمل ہے۔ اور اس کے لیے ایک خصوصی ویب گاہ بھی لانچ کی ہے، جس کی لنک ہے:
http://sign.qurancomplex.gov.sa
7) نا بینا لوگوں کے لیے برایل سسٹم کے مطابق مصحف المدینۃ النبویۃ لانچ کیا، اسے تیار کرنے میں جو وقت اور محنت لگی ہے اس کا اندازہ مشکل ہے۔
8) معذورین کے لیے صوتی تعلیمات سے قرآن کریم سکھانے کی ویب گاہ لانچ کی ہے، اس کی خدمات عربی، اردو، انگریزی، فارسی، چینی، فرانسیسی، اسپینی، جرمن، ترکی، روسی، انڈونیشی، پرتگالی اور یوربا زبانوں میں دستیاب ہیں، اس کی لنک ہے:
http://qsound.qurancomplex.gov.sa
9) ڈیجیٹل ریسرچ سینٹر نے متعدد آپریٹنگ سسٹم کے پلیٹ فارم پر قرآن کریم کے (77) ایپس کا مراجعہ کیا، جن میں اکیس (21) ایپس میں جوہری غلطیاں پائی گئی ہیں اور شاہ فہد کمپلیکس نے ان ایپس کو بلاک کرنے کے لیے متعلقہ پلیٹ فارم ایپل، گوگل اور مایکروسوفٹ سے رابطہ کیا ہے۔
10) یہ سینٹرکمپلیکس کی مطبوعات کو ڈیجیٹل فارمیٹس میں تبدیل کرتا ہے، اب تک بارہ کتابوں کو ڈیجیٹل فارمیٹس میں تبدیل کرچکا ہے: 1) اصول الإیمان۔ 2) التفسیر المیسر۔ 3) التجوید المیسر۔ 4) المیسر فی غریب القرآن الکریم۔ 5) النشر فی القراء ات العشر۔ 6) تقریب النشر۔ 7) وقوف القرآن وأثرھا فی التفسیر۔ 8)لطائف الإشارات فی فنون القراء ات۔ 9) الفقہ المیسر۔ 10) کتابۃ المصحف الشریف وطباعتہ: تاریخھا وأطوارھا۔ 11) فہرس مخطوطات التفسیر وعلوم القرآن فی مکتبات المدینۃ المنورۃ۔ 12)کمپلیکس سے شائع ہونے والے قرآن کے تراجم کی ببلوگرافی۔ اس کے علاوہ قرآن کریم کے گیارہ تراجم کو ڈیجیٹل فارمیٹس میں تبدیل کرچکا ہے: انگریزی، جرمن، فرانسیسی، ترکی، نیپالی، روسی، چینی، سواحلی (کینیا کی زبان)، فولانی (افریقہ وسطی کی زبان)، امیزیغ (شمالی افریقہ کی زبان) اور دری (افغانستان کی زبان).
11) یہ سینٹر ڈیجیٹل پروگرامس اور ایپس کے لیے آڈیو ٹیپس تیار کر تا ہے، اب تک درج ذیل مواد پر کام مکمل ہو چکا ہے: قرآن کریم کے متعدد تراجم (اردو، انگریزی، فرانسیسی، اسپینی، ہوسا، سواحلی)، التفسیر المیسر، التجوید المیسر، کتاب المیسر فی غریب القرآن الکریم اور التجوید المیسر سے ماخوذاحکامِ تجوید سے متعلق متنوع سوالات، وقف کے قواعد ورموز اورعملی تطبیق.
12) قرآن کی تمام سورتوں کے ناموں کی ڈیجیٹل فہرست تیار کرچکاہے، ہر سورت کی ڈیٹا کے عناصر ہیں: سورت کا مشہور نام، اس کا سبب، دیگر توقیفی واجتہادی نام (دلائل کے ساتھ)، سورت کے مقاصد وموضوعات کا خلاصہ، نزول کے اعتبار سے سورت کی ترتیب، مکی اور مدنی کا بیان (اقوال اور ترجیح کے ساتھ)،اور آیات کی تعداد (اقوال کے ذکر کے ساتھ)۔ اس فہرست کا خلاصہios اورandroid آپریٹنگ سسٹم کے لیے جو (مصحف المدینۃ النبویۃ) ایپ ہے اس کے ساتھ درج کر دیا گیاہے۔
13) ڈیجیٹل ریسرچ سینٹرنے انٹرنیٹ پر عربی اور اردو زبان میں اپنی ویب گاہ ڈیزائن کی ہے، جو کمپلیکس کی مطبوعات ومنشورات کے لیے ڈیجیٹل لائبریری اور آن لائن قرآن سیکھنے والوں کے لیے الیکٹرانک پورٹل کی حیثیت رکھتی ہے، اس کے ذریعہ کمپلیسکس کے ڈیجیٹل پروڈکٹس کو عام کیا جاتا ہے۔ اس ویب گاہ کی لنک ہے: http://drc.qurancomplex.gov.sa
14) کمپلیکس نے (TTF= True Type Font) فارمیٹ میں رسم عثمانی کے ایسے فونٹس تیار کیے ہیں جو عالمی سسٹم یونیکوڈ کے مطابق ہیں، اس فونٹ کے مطابق اب تک کمپلیکس نے آٹھ روایتوں میں مصحف تیار کیا ہے۔
15) عربی زبان کے دیگر فونٹس (رسم الخط) بھی عام استعمال کے لیے تیار کیا ہے، جو عالمی سسٹم یونیکوڈ کے مطابق ہیں، جیسے خط نسخ، خط المدرجات، خط برائے کلمہ توحید اور بسم اللہ الرحمن الرحیم، بچوں کی تعلیم کے لیے مخصوص رسم الخط وغیرہ۔ یہ سارے فونٹس اس لنک پر دستیاب ہیں: http://fonts.qurancomplex.gov.sa
16) عثمانی رسم الخط کے بعض رموز کو انٹرنیشنل سسٹم عربی یونیکوڈ میں درج کراچکاہے. اور اس میں مزید اضافے کی کوشش جاری ہے۔
17) مصحف المدینۃ کے عثمانی رسم الخط کو کمپیوٹر پروگراموں کے ذریعہ بہتر سے بہتربنانے کا عمل جاری ہے، تاکہ کلمات اور سطروں کے درمیان مسافت میں یکسانی ہو، سونشے، علاماتِ وقف، اعراب، آیت نمبر وغیرہ مناسب جگہ پر خوبصورت انداز میں سیٹ ہوں.حفص اور ورش کی روایت پر کام مکمل ہو چکا ہے۔
18) ایسے متعدد سافٹ ویئرز اور کمپیوٹر ٹولز کو ڈیویلپ کیا جو کمپلیکس میں ڈیجیٹل تیاری کے مراحل کے دوران الکٹرانک آڈیٹینگ میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان سافٹ ویئرز اور ٹولز کی وجہ سے کم وقت، کم محنت میں غلطیوں کی نشان دہی ہوتی ہے۔
19) فونٹ جرنیٹر سسٹم تیار کیا جو ہاتھ سے لکھے ہوئے مصحف کے خط کے نوک وپلک کو آراستہ کرکے ٹرو ٹائپ فونٹ میں تبدیل کردیتا ہے۔
20) سورہ فاتحہ اور عم پارہ کے روسی ترجمہ کا سافٹ ویئر تیار کیا. اس میں چار قراء کی تلاوت اور صوتی ترجمہ کے ساتھ ساتھ نص قرآنی اور ترجمے کے عینی مشاہدے کی بھی سہولت ہے.
کمپلیکس کی ویب سائٹس:
ترمیمکمپلیکس نے عصر حاضر کی ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے قرآن، علوم قرآن، تراجم، تفاسیر، کمپیوٹر سروسز برائے قرآن، کمپلیکس کی دوسری مطبوعات اور دیگر متنوع خدمات کے لیے، نیز زائرین کو کمپلیکس کی خدمات سے متعارف کرانے کے لیے سولہ (16) ویب سائٹس لانچ کیا ہے، جن میں سے بعض کا ذکر پہلے ہوچکاہے۔
ٹریننگ ایتڈ ڈویلپمنٹ یونٹ:
ترمیمکمپلیکس اس یونٹ کے ذریعہ انتظامی اور تکنیکی عملہ کو ٹریننگ دیتا ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے اور عمل کی بڑھتی ضرورتوں اور نئی مشنری کے شانہ بشانہ چل سکیں۔
کمپلیکس کے پروڈکٹس کی اعلی کوالیٹی:
ترمیمشاہ فہد کمپلیکس نہایت اعلی کوالیٹی کا پروڈکٹس تیار کرتا ہے، غایت درجہ کی اعلی انسانی صلاحیتیں، اڈوانس نئی ٹکنالوجی اور نہایت ہی معیاری مٹیریل کا استعمال کرتا ہے اور کوالیٹی مینجمنٹ کا پختہ نظام اسے چار چاند لگادیتا ہے، ہر کام مرحلہ وار اورمنظم نگرانی کے ساتھ انجام پاتا ہے، ہر نگراں کے پاس ایک خاص مہر ہوتی ہے تاکہ اپنے زیر نگرانی انجام پانے والے عمل پر اپنی مہر ثبت کر دے، مبادا اگر کسی عمل میں کوئی غلطی ہوتی ہے تو اس مہر کے ذریعے اس نگراں کی پہچان کی جاتی ہے جس کی نگرانی میں وہ عمل انجام پایا ہے اور جزائی نظام (جرمانہ) اس پر نافذ کیا جاتا ہے۔ اور غلطی پکڑنے والے کی نوازش اور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
مطبوعات ومنشورات کی تقسیم:
ترمیمشاہ فہدکمپلیکس نے اپنی مطبوعات ومنشورات کو 1405ھ سے پوری دنیا میں تقسیم کرنا شروع کیا ہے، تقسیم کی جانے والی مطبوعات ومنشورات کی مجموعی تعداد تقریبا بتیس کروڑ ہے۔ صرف حجاج کرام کے ما بین عموما ہر سال تقریبا اٹھارہ لاکھ نسخے تقسیم کیے جاتے ہیں جس کی مجموعی تعدادتقریبا چار کروڑ اسّی لاکھ پہنچ چکی ہے۔ اور کمپلیکس کی وزٹ کرنے والے ہر شخص کو بھی ہدیہ دیا جاتا ہے اور سال میں دنیا کے مختلف ممالک کے چار لاکھ سے زیادہ لوگ کمپلیکس کی وزٹ کر تے ہیں.
مستقبل کے منصوبے:
ترمیمکمپلیکس سابقہ پروڈکٹس میں اضافہ اور اسے ڈیولپ کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے متنوع قسم کے منصوبے بھی رکھتا ہے، بالخصوص جدید ٹکنالوجی اور کمپیوٹر پروگرامس کو قرآنیات کی خدمت کے لیے مسخر کرنے کا عزم رکھتا ہے، جیسے قرآن کریم کی خدمت کے لیے خصوصی ڈیٹا بیسس تیار کرنا، معذورین کے لیے نت نئے پروگرامس اور ایپس تیار کر نا، مصحف کا ڈیجیٹل فارمیٹس تیار کرناوغیرہ وغیرہ.
رب العالمین سے دعا ہے کہ قرآن کریم کے اس مضبوط قلعہ کی حفاظت فرمائے، بانی کے لیے اسے صدقہ جاریہ بنائے اور جملہ ذمہ داران کو مخلصانہ سعی ِپیہم کی توفیق عطا فرمائے۔
= حواله جات =[شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس: قرآن کریم کی نشر و اشاعت کا سب سے بڑا مرکز، ڈاکٹر محمد یوسف حافظ ابو طلحہ، جريده ترجمان، جلد 41، شماره 8، 3-17 رمضان المبارك 1442هـ مطابق 16-30 اپريل 2021ء 1][5]
- ↑ https://ar.m.wikipedia.org/wiki/مجمع_الملك_فهد_لطباعة_المصحف_الشريف
- ↑ https://archive.org/details/20210425_20210425_1135 شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس، ڈاکٹر محمد یوسف حافظ ابو طلحہ، برقی اشاعت، رمضان 1442ھ- اپریل 2021ء
- ↑ شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس: قرآن کریم کی نشر و اشاعت کا سب سے بڑا مرکز، ڈاکٹر محمد یوسف حافظ ابو طلحہ، جريده ترجمان، جلد 41، شماره 8، 3-17 رمضان المبارك 1442هـ مطابق 16-30 اپريل 2021ء»
- ↑ شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس: قرآن کریم کی نشر و اشاعت کا سب سے بڑا مرکز، ڈاکٹر محمد یوسف حافظ ابو طلحہ، جريده ترجمان، جلد 41، شماره 8، 3-17 رمضان المبارك 1442هـ مطابق 16-30 اپريل 2021ء»
- ↑ "شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس كى آفيشيل ويب سائٹ"۔ شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس كى آفيشيل ويب سائٹ۔ 22-04-2021۔ اخذ شدہ بتاریخ http://qurancomplex.gov.sa/
{{حوالہ ویب}}
: تحقق من التاريخ في:|accessdate=
(معاونت) وروابط خارجية في
(معاونت)|accessdate=
- ↑ شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس: قرآن کریم کی نشر و اشاعت کا سب سے بڑا مرکز، ڈاکٹر محمد یوسف حافظ ابو طلحہ، جريده ترجمان، جلد 41، شماره 8، 3-17 رمضان المبارك 1442هـ مطابق 16-30 اپريل 2021ء