متعلق خبر اور متعلق فعل

جملہ اسمیہ اور جملہ فعلیہ میں بعض الفاظ ایسے ہوتے ہیں جن کا تعلق خبر اور فعل سے ہوتا ہے۔ ان الفاظ کو متعلقات کہا جاتا ہے۔

متعلق خبر

عرفان کامیاب ہوا، عرفان امتحان میں کامیاب ہوا،عرفان اِس سال امتحان میں کامیاب ہوا، اِن جملوں کا اگر بغور جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ پہلے جملے میں صرف عرفان کی کامیابی کی خبر دی گئی ہے، دوسرے جملے میں خبر کی وضاحت کرتے ہوئے خبر میں بتایا گیا ہے کہ عرفان امتحان میں کامیاب ہوا جبکہ تیسرے جملے میں خبر کی مزید وضاحت کرتے ہوئے یہ بتایا گیا ہے کہ عرفان اِس سال امتحان میں کامیاب ہوا۔ ا،ن جملوں میں ”امتحان اور اس سال“ متعلق خبر ہیں۔

متعلق فعل

عرفان نے کتاب خریدی، عرفان نے بازار سے کتاب خرییدی، عرفان نے کل بازار سے کتاب خریدی، اِن جملوں کا اگر بغور جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ پہلے جملے میں عرفان فاعل ہے، کتاب مفعول ہے اور خریدی فعل ہے۔ دوسرے جملے مین فعل کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کتاب خریدنے کا کام بازار سے کیا گیا ہے جبکہ تیسرے جملے میں مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کتاب آج نہیں بلکہ کل خریدی گئی ہے۔ لہذا وہ تمام الفاظ جو فعل کے معنوں کی وضاحت کرتے ہیں متعلق فعل کہلاتے ہیں۔ اِن جملوں میں” بازار سے “ اور ”کل“ متعلقات فعل ہیں جبکہ ”نے“ علامت فاعل ہے۔