مغوی نسلیں
مغوی نسلیں (انگریزی میں The Stolen Generations ) ان بچوں اور ان کی نسلوں کو کہا جاتا ہے جنہیں آسٹریلیا کی حکومت اور کلیسا کی سرپرستی میں ابارجینی (آسٹریلیا کی قدیم نسل) اور ٹورز سٹرائٹ جزیروں کے قدیم باشندوں سے چھین کر ریاست کے تحفظ میں لے لیا گیا تھا۔ اسے ریاستی جبر اور نسل پرستی کی بنیادی مثال کہا جاتا ہے۔ یہ کام 1869 سے 1969 تک پارلیمان کے اندر نسلی بنیادوں پر قانون سازی کر کے کیا گیا۔ اس کا مقصد ان نسلوں کو ثقافتی بنیادوں پر مغربی نسلوں میں مدغم کرنا تھا تاکہ براعظم آسٹریلیا پر مغربی طاقتوں کے قبضہ کو دوامی حیثیت دی جائے۔ تیرہ فروری 2008 میں آسٹریلوی پارلیمان نے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی تسلیم کیا اور وزیر اعظم کے ون رڈ نے وفاق کی طرف سے معافی مانگی۔