نامزد جانشین (ریاستہائے متحدہ)

ریاستہائے متحدہ میں، نامزد بچ جانے والا (انگریزی: designated survivor) یا نامزد جانشین (designated successor) سے مراد صدارتی جانشینوں کی فہرست میں کوئی فرد، عموماً ریاستہائے متحدہ کی کابینہ کا رکن، ہوتا ہے۔ ایسے موقع پر، جب صدر اور ملک کی دیگر اعلیٰ قیادت اور رہنما (مثلاً نائب صدر اور کابینہ کے ارکان) کسی ایک ہی مقام پر موجود ہوں، جیسے کہ اسٹیٹ آف یونین کا خطاب یا صدارتی حلف برداری کی تقریب، تو نامزد جانشین کو اس مقام سے دور، محفوظ اور نامعلوم جگہ پر رکھا جاتا ہے۔ اس کا مقصد کسی تباہ کن واقعے، مثلاً بم دھماکے کی صورت میں، جس میں صدر اور بیشتر صدارتی جانشین ہلاک ہوجائیں تو، حکومت کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔ ایسا کوئی واقعہ رونما ہونے کی صورت میں، جس کے دوران صدر اور نائب صدر دونوں کی ہلاکت ہو جائے، بچ جانے والے عہدے داروں میں سے سب سے بلند، ممکنہ طور پر ’’نامزد جانشین‘‘، صدارتی جانشینی ایکٹ کے تحت، قائم مقام صدر ریاستہائے متحدہ بن جاتا ہے۔

تاریخ

ترمیم

’نامزد جانشین‘ کو متعین کرنے کی روایت کا آغاز سرد جنگ کے دوران ہوا جب ایٹمی جنگ کے خطرات منڈلا رہے تھے۔ صرف ایسے افراد ہی کو نامزد جانشین کے لیے منتخب کیا جاتا ہے جو عہدۂ صدارت کے لیے اہل ہوں (مثلاً پیدائشی شہری جن کی عمر 35 سال سے زائد ہو اور جو کم از کم 14 سال تک ریاستہائے متحدہ میں رہائش پزیر رہے ہوں)۔ نامزد جانشین کو اس واقعے کے دوران صدارتی سطح کی سیکیورٹی اور ذرائع نقل و حمل فراہم کیے جاتے ہیں۔ ایک ماتحت ان کے ساتھ ایٹمی فٹ بال لیے پھرتا ہے۔

2005ء سے، اراکین کانگریس میں سے بھی نامزد جانشین منتخب کیا جاتا ہے۔