نی پوا نامی شہر کینیڈا کے صوبے مینی ٹوبا میں ییلو ہیڈ ہائی وے جہاں ہائی وے نمبر 5 سے ملتی ہے، پر واقع ہے۔ 2006 کی مردم شماری کے مطابق یہاں کی کل آبادی 3298 افراد تھی۔ اسے 1883 میں بسایا گیا تھا۔

تاریخ ترمیم

مقامی لوگوں کے نزدیک یہ جگہ شکار اور گلہ بانی کے لیے اچھی تھی۔ نی پوا کا مطلب مقامی زبان میں "بکثرت" ہے۔ یہ نام پہلی بار 1873 میں استعمال ہوا۔ غالباً یہ نام "کری" زبان سے نکلا ہے۔ پہلے پہل کھالوں کے تاجر اور نئے آباد کار لوگ اس علاقے کو اس کے مناسب موسم، زرخیز مٹی اور بہترین فصلوں کے حوالے سے جانتے تھے۔ 1870 میں جب مینی ٹوبا کا صوبہ بنایا گیا تو نی پوا علاقہ "نارتھ ویسٹ ریاست" میں شامل تھا۔ اس وقت مینی ٹوبا انتہائی چھوٹا سا صوبہ تھا اور نی پوا اس صوبے کے بالکل نزدیک شمال میں واقع تھا۔ اگلی تین دہائیوں میں نو آباد کاروں کا جم غفیر یہاں آتا گیا۔ پہلے پہل برطانوی جزائر اور پھر مشرقی یورپ سے لوگ یہاں آ کر آباد ہونے لگے۔ 1881 میں مینی ٹوبا کی شمالی سرحد کو بڑھا کر موجودہ مقام تک لایا گیا اور اس طرح نی پوا مینی ٹوبا میں شامل ہو گیا۔

معیشت ترمیم

نی پوا کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے۔ علاقے میں موجود کھیتوں میں کئی طرح کی فصلیں اگائی جا سکتی ہیں اور مویشی بھی پالے جاتے ہیں۔ نی پوا علاقے میں اہم زرعی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ نی پوا کے کاشتکار دنیا بھر میں بہترین للی پیدا کرتے ہیں۔ یہ پھول نی پوا سے براہ راست دنیا بھر میں بھیجے جاتے ہیں۔ اس وجہ سے اسے دنیا بھر میں للی کا صدر مقام کہا جاتا ہے۔

صحت ترمیم

نی پوا کے ضلعی میموریل ہسپتال میں کل 38 بستر، جراحی، لیبارٹری، ایکس رے، الٹرا ساؤنڈ، فزیو تھراپی، لیپروسکوپک سرجری اور کیمو تھراپی کی سہولیات ہیں۔

ذرائع نقل و حمل ترمیم

شہر ییلو ہیڈ ہائی وے نمبر 16 اور ہائی وے نمبر 5 پر واقع ہے۔ یہاں سے برانڈن 45 منٹ اور ونی پگ 2 گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ نی پوا سے رائیڈنگ نیشنل پارک ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ یہاں کے ہوائی اڈے پر 3500 فٹ طویل رن وے موجود ہے جو چھوٹے جیٹ اور فضائی ایمبولینس کے لیے مناسب ہے۔ مال بردار ریل گاڑیاں بھی چلتی ہیں۔ گرے گوز اور گرے ہاؤنڈ بسیں بھی یہاں سے گذرتی ہیں۔