حضرت وہیب بن خالدؒ کا شمار تبع تابعین میں ہوتا ہے۔

حضرت وہیب بن خالدؒ
معلومات شخصیت
پیدائش 107ھ
بصرہ

نام ونسب

ترمیم

وہیب نام، ابو بکر کنیت ،والد کا نام خالد اوردادا کا عجلان تھا[1]باہلہ بنتِ اعصر سے نسبت ولاء رکھنے کی وجہ سے بابلی کہلاتے ہیں،سمعانی کا بیان ہے کہ: کانت العرب یستنکفون من الانتساب الیٰ باھلہ[2] عرب بابلہ کی طرف انتساب کو بڑائی تصور کرتے تھے۔

وطن اور ولادت

ترمیم

107ھ میں قبۃ الاسلام بصرہ میں پیدا ہوئے [3]غالباً کپڑوں کی تجارت کرتے تھے،اسی بنا پر کرابیسی اورصاحب الکرابسی کے القاب سے مشہور ہیں،جیسا کہ سمعانی اس نسبت کے متعلق رقمطراز ہیں، ھذہ النسبۃ الیٰ بیع الثیاب[4] پہلی اور دوسری صدی کے متعدد علما اس نسبت سے متصف ہیں۔

علم و فضل

ترمیم

ان کی خوبی بخت نے انھیں نادرہ روزگار تابعین کرام کی صحبت میں پہنچا دیا تھا،جن سے وہ پوری طرح مستفیض ہوئے،حدیث کی مہارت،رجال کی بصیرت اور حفظ واتقان میں نہایت ارفع واعلیٰ مقام رکھتے تھے ان کا شمار بصرہ کے مشہور حفاظ اربعہ میں ہوتا تھا،احمد بن ابی رجاء کا قول ہے کہ: ھو فی التفقہ والعلم نظیر حماد [5] وہ علم وتفقہ میں حماد کی نظیر تھے۔ عمر بن علی کہتے ہیں: سمعت یحیی بن سعید ذکرہ فاحسن الثناء علیہ میں نے یحییٰ بن سعید کو ان کا ذکرِ خیر کرتے سُنا اورانہوں نے ان کی بڑی تعریف کی۔

شیوخ وتلامذہ

ترمیم

وہیب نے اپنے عہد کی بکثرت متحرک درسگاہوں،یعنی علما وائمہ سے اکتساب علم کیا تھا،جن میں ممتاز ویگانہ فن تابعین کی بھی خاصی تعداد شامل تھی،مشاہیر فضلاء میں ہشام بن عروہ،ایوب السختیانی یحییٰ بن سعید الانصاری،جعفر الصادق،حمید الطویل،عبد اللہ بن طاؤس،منصور بن المعتمر داؤد بن ابی الہند،یحییٰ بن ابی اسحاق الحضرمی،خثیم بن عراک،موسیٰ بن عقبہ،ابن جریج ،سہیل بن ابی صالح،اورابی ھازم بن دینار وغیرہ کے اسمائے گرامی لائق ذکر ہیں۔ خود وہیب کے خوشہ چینوں کا دائرہ بھی بہت وسیع ہے جن میں بلند پایہ اتباع تابعین کی بھی ایک جماعت شامل ہے،نمایاں نام یہ ہیں: اسماعیل بن علیہ،عبد اللہ بن مبارک،عبد الرحمن بن مہدی،یحییٰ بن سعید القطان،یحییٰ بن آدم، ابوداؤد الطیالسی، ابو ہشام المخزومی،سلیمان بن حرب،موسیٰ بن اسماعیل ،مسلم بن ابراہیم،یحییٰ بن حسان، سہل بن بکار،ہدبہ بن خالد۔ کتنی مبارک اورپاکیزہ تھیں وہ ہستیاں جنہیں ایسے ایسے آفتابِ علم اساتذہ فن سے تلمذ کا شرف حاصل ہوا اور کتنے سعید وخوش بخت تھے وہ لوگ جنہیں ایسے ایسے نادرۂ روز گار تلامذہ کی مشیخت نصیب ہوئی، اس سلسلہ میں وہیب کو بلا شبہ امتیاز خاص حاصل ہے۔

حدیث

ترمیم

وہ حدیث کے مسلم الثبوت اساتذہ میں تھے،اس میں ان کے تثبت واتقان اورثقاہت پر علما کا اجماع ہے،ابن معین کا بیان ہے: "کان من اثبت شیوخ البصر یین" ابو حاتم کہتے ہیں: ما انقی حدیثہ لاتکا وتجدہ یحدث من الضعفاء ان کی حدیث کتنی صاف وشفاف ہوتی تھی آپ انھیں کسی ضعیف راوی سے روایت کرتے نہیں پائیں گے۔ علامہ ابن سعد رقمطراز ہیں: کان ثقۃ کثیرالحدیث حجۃ وہ ثقہ کثیر الحدیث اورحجت تھے۔

رجال

ترمیم

علومِ اسلامیہ میں فن اسماء الرجال کو بڑی اہمیت اور عظمت حاصل ہے احادیث کی صحت اور علوئے اسناد کا تمام تر مدار اسی علم پر ہے،اسی کی کسوٹی پر ناقدینِ فن حدیث کو جانچتے پرکھتے ہیں اور پھر اس کے پایہ ودرجہ کا تعین ہوتا ہے، یقینا یہ محدثین عظام کا ایک ناقابل فراموش کارنامہ ہے،جس کی بنا پر آج ہم احادیثِ نبویﷺ کے اتنے عظیم ذخیرے کی پوری صحت کا یقین رکھتے ہیں۔ وہیب بن خالد اس میں پوری بصیرت رکھتے تھے،امام شعبہ کو اس فن کا امام تسلیم کیا جاتا ہے،ابو حاتم کا بیان ہے کہ شعبہ کے بعد رجال کا عالم ان سے بڑا کوئی نہیں ہوا۔ لم یکن احد بعد شعبۃ اعلم بالرجال منہ [6] شعبہ کے بعد رجال کا عالم ان سے بڑا کوئی نہیں تھا امام الجرح والتعدیل عبد الرحمن بن مہدی کا قول ہے: کان من البصر اصحابہ بالحدیث والرجال [7] وہیب اپنے ساتھیوں میں سب سے زیادہ حدیث ورجال میں بصیرت رکھتے تھے۔

قوتِ حافظہ

ترمیم

وہیب غیر معمولی قوت حافظہ کی دولت سے مالا مال تھے،ایک حادثہ میں بصارت کی نعمت سے محروم ہو گئے تھے؛ لیکن اپنے حافظہ کی بنیاد پر حدیثیں املا کرایا کرتے تھے،علامہ ابن سعد بیان کرتے ہیں کہ: کان قدسجن فذھب بصرہ کان یملی من حفظہ انھیں مقید کر دیا گیا تھا پس ان کی بصارت جاتی رہی تھی اوراپنے حافظہ سے املا کراتے تھے۔ اس صفت میں ان کو متعدد دوسرے حفاظ حدیث پر فوقیت دی جاتی ہے،ابن سعد ہی کا بیان ہے۔ کان احفظ من ابی عوانۃ [8] وہ ابو عوانہ سے بڑے حافظ تھے۔

وفات

ترمیم

165ھ میں راہی عالمِ جاوداں ہوئے [9] وفات کے وقت 58 سال کی عمر تھی۔ [10]

حوالہ جات

ترمیم
  1. (العبر فی خبر من غبر:1/246)
  2. (کتاب الانساب للسمعانی ورق:64)
  3. (الاعلام:3/1141)
  4. (کتاب الانساب السمعانی:276)
  5. (تذکرۃ الحفاظ:1/213)
  6. (ایضاً)
  7. (العبر فی خبر من غبر:1/246)
  8. (طبقات ابن سعد:7/43)
  9. (مرأۃ الجنان :1/352 والعبر فی خبر من غبر:1/246)
  10. (تذکرۃ الحفاظ:1/213،وطبقات ابن سعد:7/43)