ویکیپیڈیا:رہنمائے حذف شدگی
یہ ایک صفحۂ معلومات ہے جو قوانین ویکیپیڈیا کے ذیل میں برادری کے اتفاق رائے کو ظاہر کرتا ہے۔ چونکہ بذات خود یہ کسی ہدایت یا حکمت عملی کا حصہ نہیں ہے، بلکہ یہ دیگر ویکیپیڈیا ہدایات اور حکمت عملی کا ضمیمہ ہے؛ اس لیے براہ کرم حالیہ صفحہ اور متعلقہ حکمت عملی صفحہ کے درمیان تضاد کی صورت میں اصل حکمت عملی صفحہ کو ترجیح دیں اور اسی کا حوالہ دیں۔ |
کسی ویکیپیڈیا صفحہ کی حذف شدگی اس صفحہ کو مکمل طور پر مع تاریخچہ ویکیپیڈیا سے ختم کردیتی ہے اور اسے عام صارفین نہیں دیکھ سکتے۔ منتظمین کے جانب سے صفحہ اس وقت حذف کیا جاتا ہے جب وہ ویکیپیڈیا کے لیے نامناسب، بے فائدہ ہو یا مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہو۔ صفحہ حذف حکمت عملی میں حذف شدگی سے متعلق تفصیلات موجود ہیں۔
غالباً آپ اس صفحہ پر اس لیے آئے ہیں کہ آپ کے تحریر کردہ مضمون پر کسی طرح کا حذف شدگی اعلان چسپاں کیا گیا ہے۔ براہ کرم اس رہنما کو بغور ملاحظہ فرمائیں، آپ کو معلوم ہوجائے کہ اب کیا ہونے والا ہے نیز آپ کس طرح نتائج میں شامل ہوسکتے ہیں۔
سرسری نظر
ترمیمویکیپیڈیا کی مرکزی نام فضا میں شامل ہونے والا مواد ویکیپیڈیا کے متعدد اہم اصول اور قوانین (بشمول تین اہم قوانین- متعادل نقطہ نظر، قابل تثبیت اور اصل تحقیق نہیں نیز حقوق نسخہ) کے تابع ہونا ضروری ہے۔ متفقہ طور پر یہ قوانین دائرۃ المعارف کے مرکزی حصہ پر راج کرتے ہیں، لہذا جو مواد ان قوانین کے خلاف ورزی پر مشتمل ہو اسے حذف کر دیا جاتا ہے۔
متعادل نقطہ نظر کے خلاف مواد کو عام طور پر متعادل بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، لیکن اس کے علاوہ باقی تینوں قوانین کی خلاف ورزی پر عموماً مواد کو ویکیپیڈیا سے حذف کر دیا جاتا ہے۔
جب کوئی مضمون حذف شدگی کے لیے نامزد کیا جاتا ہے تو ویکیپیڈیا برادری اس مضمون کی خصوصیات اور ماہیت پر کچھ عرصہ (جو ایک ہفتہ سے کم نہیں ہوتا) گفتگو کرتی ہے، جب اس بات پر اتفاق ہوجاتا ہے کہ یہ مضمون ویکیپیڈِیا کے لیے نامناسب ہے تو تجربہ کار صارفین اس گفتگو کو بند کرکے اتفاق رائے کا علان کردیتے ہیں۔