ریاستہائے متحدہ امریکا کی خاتون اول یا فرسٹ لیڈی وائٹ ہاؤس کی میزبان ہیں۔ یہ عہدہ روایتی طور پر ریاستہائے متحدہ کے صدر کی اہلیہ کے ذریعہ پُر کیا جاتا ہے، لیکن اس لقب کا اطلاق ان خواتین پر بھی ہوتا ہے جو صدر کی بیویاں نہیں تھیں، مثلاً ایسی صورت میں کہ جب صدر غیر شادی شدہ یا رنڈوا، یا جب صدر کی اہلیہ خاتون اول کے فرائض ادا کرنے سے قاصر تھیں۔ خاتون اول منتخب عہدہ نہیں ہے۔ یہ کوئی سرکاری ڈیوٹی نہیں ہوتی اور نہ ہی اس کے عوض کوئی تنخواہ لی جاتی ہے۔ تاہم وہ صدر کے ساتھ یا اس کی جگہ ریاست کی بہت سی سرکاری تقریبات میں شرکت کرتی ہیں۔ روایتی طور پر خاتون اول دفتر پر موجود ہونے کے دوران میں باہر ملازمت نہیں کرتی، تاہم ایلینور روزویلٹ نے لکھنے اور لیکچر دینے سے پیسہ کمایا، لیکن اس کا زیادہ تر حصہ خیراتی کاموں میں دیا۔ اس کا اپنا عملہ ہوتا ہے، جس میں وائٹ ہاؤس کے سوشل سیکریٹری، چیف آف اسٹاف، پریس سیکریٹری، چیف فلورل ڈیزائنر، اور ایگزیکٹو شیف شامل ہیں۔ خاتون اول کا دفتر وائٹ ہاؤس کی تمام سماجی اور رسمی تقریبات کا بھی انچارج ہے، اور یہ صدر کے ایگزیکٹو آفس کی ایک شاخ ہے۔