ویکیپیڈیا:پچاس ہزاری جشن/بالا
آج بتاریخ 24 اپریل 2014ء بروز جمعرات اردو ویکیپیڈیا نے پچاس ہزار مضامین کا اہم ترین سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ اس موقع پر اردو ویکیپیڈیا کے جانب سے تمام صارفین اور منتظمین کو دلی مبارکباد اور اس سنگ میل کو عبور کرنے میں ان کی انتھک محنت، جدوجہد اور کاوشوں پر صدہا آفرین۔
تحریک ویکیپیڈیا انسانی تاریخ کا سب سے بڑا علمی انسائیکلوپیڈیا تیار کرنے کی تحریک ہے، ایسا انسائیکلوپیڈیا جو بیک وقت مختلف الجہات، متعدد الفنون اور کثیر الالسنہ ہو۔ اس منصوبہ کی ابتدا جنوری 2001 میں ہوئی، جبکہ اس تحریک کے پرچم تلے اردو زبان نے اپنی ویکیپیڈیا کا آغاز جنوری 2004ء میں کیا۔ اردو ویکیپیڈیا نے اپنے آغاز سے ہی کافی سرد وگرم ماحول کو دیکھا اور انتہائی صبرآزما مراحل سے گذرا ہے، آج جو اردو ویکیپیڈیا ہمارے سامنے ہے یہ ان افراد کی بے پناہ قربانیوں کا صلہ ہے جن کی زندگی کی اولین ترجیح اردو ویکیپیڈیا کی ترقی رہی، اور اس راہ میں ان افراد نے اپنے مال وزر، وقت و صلاحیتوں کو بے دریغ استعمال کیا۔ ہمیں افسوس ہے ان دیرینہ رفقاء میں سے کافی ساتھی اب اس علمی قافلہ کے ہم سفر نہیں رہے اور غم روزگار نے انہیں اس کاروان علم کے ہم رکاب نہ رہنے دیا۔ ان رفقاء گرامی میں بانی اردو ویکیپیڈیا اعلی حضرت شمس الدین محمد، سیف اللہ ثاقب سعود اور سمرقندی سرفہرست ہیں، ان کے علاوہ بھی صارفین و منتظمین کی ایک بڑی تعداد ہے جو اب متحرک نہیں رہی۔ اردو ویکیپیڈیا ان پچھڑے ساتھیوں کے تئیں گہرے رنج کا اظہار کرتا ہے اور ان کے لیے دست بدعا ہے کہ وہ زندگی کے تمام مراحل میں سرخرو وکامیاب ہوں اور زندگی انہیں اتنی فرصت مہیا کردے کہ وہ دوبارہ لیلائے ویکیپیڈیا کی گیسوؤں کو سنوارنے کے لیے یہاں وارد ہوں اور اپنی سرگرمیوں کو جاری کرسکیں۔
خوشی کے اس موقع پر اردو ویکیپیڈیا اپنے تمام رفقاء سے دست بستہ گذارش کرتا ہے کہ خدارا ماضی کی تمام تلخ یادوں اور مباحثات کو فراموش کردیں، اور نئے عزم و حوصلوں کے ساتھ ایک بار پھر اس منصوبہ کے ہمنوا بنیں اور مستقبل کا ہدف جو ایک لاکھ مضامین کی تکمیل ہے کو پورا کرنے میں شریک ہوں۔ ہمیں امید ہے جملہ صارفین و منتظمین اس پر مسرت موقع سے لطف اندوز ہونگے اور کسی طرح کی تلخی کو روا نہ رکھیں گے۔
اطلاع: تمام احباب سے گذارش ہے درج ذیل طریقہ سے ان لمحات کے متعلق اپنے تاثرات کو قلمبند فرمائیں، آپ کے یہ تاثرات اردو ویکیپیڈیا کی تاریخ میں محفوظ ہوکر امر بن جائیں گے۔
اپنا تاثراتی پیغام درج کرنے سے قبل اپنے پیغام کا مناسب سا عنوان درج کریں، پھر پیغام اور تاثرات درج کریں، نیز اردو ویکیپیڈیا کی ترقی وترویج کے لیے مناسب تجاویز بھی تحریر کرسکتے ہیں، اس کے بعد اپنی دستخط لازما شامل کریں۔